Tuesday, April 30, 2024

وفاقی کابینہ کے وزرا کے درمیان اختلافات کا علم تھا لیکن کبھی وجہ پوچھنا مناسب نہیں سمجھا: پرویز رشید

وفاقی کابینہ کے وزرا کے درمیان اختلافات کا علم تھا لیکن کبھی وجہ پوچھنا مناسب نہیں سمجھا: پرویز رشید
October 16, 2015
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کے وزرا کے درمیان اختلافات کا علم تھا لیکن کبھی وجہ پوچھنا مناسب نہیں سمجھا۔ وزیر تجارت خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ کارکردگی میں بہتری کے لئے مختلف وزارتوں کے مابین تعلقات بہتر بنانا ہوں گے۔ مسلم لیگ ن کے اہم رہنماؤں نے وفاقی وزرا کے مابین اختلافات کا اعتراف کیا ہے لیکن اس کی وجوہات سے پردہ اٹھانے کو فی الحال کوئی بھی تیار نہیں۔ وزیر اطلاعات پرویز رشید کہتے ہیں کہ خواجہ آصف اور چودھری نثار کے کشیدہ تعلقات کا علم تھا لیکن کبھی وجہ پوچھنا مناسب نہیں سمجھا۔ وزیر تجارت خرم دستگیر نے وزرا کے حالیہ بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے کے لباس پر تنقید مناسب نہیں۔ کارکردگی میں بہتری کے لئے مختلف وزارتوں کے مابین تعلقات بہتر بنانا ہوں گے۔ بات صرف خواجہ آصف اور چودھری نثار تک ہی محدود نہیں۔ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی وزیر دفاع سے اختلافات کا اعتراف کر چکے ہیں تاہم اپنے حالیہ بیان میں انہوں نے رنجشیں بھلانے کا عندیہ دیا ہے۔ خواجہ آصف بھی اپنا دل صاف کرتے ہیں یا نہیں اس بارے میں کچھ کہنا مشکل ہے۔