Wednesday, April 24, 2024

وفاقی کابینہ کے فیصلوں کے نتیجے میں مہنگائی کی کمر ٹوٹ جائے گی ، فردوس عاشق کا دعویٰ

وفاقی کابینہ کے فیصلوں کے نتیجے میں مہنگائی کی کمر ٹوٹ جائے گی ، فردوس عاشق کا دعویٰ
February 11, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے دعویٰ کیا کہ وفاقی کابینہ کے فیصلوں کے نتیجے میں مہنگائی کی کمر ٹوٹ جائے گی۔ معاون خصوصی اطلاعات نے کہا قیمتوں میں استحکام کیلئے ریلیف پیکج کی منظوری دی گئی ہے۔ یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن کو آئندہ 5 ماہ تک ماہانہ 2 ارب سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ گندم ، چینی ، چاول ، دالیں اور گھی کی قیمتوں میں سبسڈی دی جائے گی۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر بیس کلو آٹے کا تھیلا آٹھ سو روپے میں دستیاب ہو گا۔ چینی ستر روپے، گھی ایک سو پچھہتر روپے کلو ملے گا۔ چاول اور دالوں کی قیمتوں میں 15 سے 20 روپے کمی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا عمران خان نے عوام دوست وزیراعظم کی حیثیت سے فیصلے کیے۔ ریلیف پیکج سے منافع خوروں اور ذخیرہ اندوز وں کی کمر ٹوٹے گی۔ خصوصی حکومت پسے ہوئے طبقے کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرے گی۔ معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا مرحلہ وار سپورٹ پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے اشتراک سے 2 ہزار یوتھ سٹورز کھولے جا رہے ہیں۔ یوتھ سٹورز کامیاب جوان پروگرام کے تحت کھولے جائیں گے۔ یوتھ سٹورز سے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ یوتھ سٹورز کے لیے کامیاب جوان پروگرام کے تحت بلا سود قرضے دئیے جائیں گے۔ 12 کیش اینڈ کیری سٹور قائم کیے جا رہے ہیں۔ یوٹیلٹی سٹورز ملک بھر میں تندوروں اور ڈھابوں کو کنٹرولڈ ریٹ پر اشیاء فراہم کریں گے۔ معاون خصوصی بولیں افغان سرحدی علاقوں میں 5 فری زونز قائم کیے جائیں گے۔ ماہ رمضان سے پہلے راشن کارڈ کا اجراء کر دیا جائے گا۔ راشن کارڈ کے ذریعے مستحق افراد کو 25 سے 30 فیصد سستی اشیاء فراہم ہوں گی۔ چینی کی قیمت کو مستحکم رکھنے کیلئے درآمد پر پابندی ختم کر دی گئی ہے۔ چینی کی قیمت پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرنے کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا جا رہا ہے۔ دالوں کی درآمد پر ٹیکسز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا احساس کفالت پروگرام کے تحت 43 لاکھ خواتین کو ماہانہ 2 ہزار روپے دیئے جا رہے ہیں۔ احساس اثاثہ جات پروگرام کا اجراء 21 فروری کو کیا جا رہا ہے۔ احساس نیوٹریشن پروگرام سے 20 ہزار خواتین مستفید ہوں گی۔ احساس پروگرام کے تحت رواں سال 100 لنگر خانے کھولے جائیں گے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا گندم اور چینی کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ گندم بحران پر تحقیقاتی رپورٹ مزید سوالات کے ساتھ واپس کر دی گئی۔ جامع تحقیقاتی رپورٹ  تین ہفتوں بعد دوبارہ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔ معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا وزیراعظم کو کرونا وائرس کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ ظفر مرزا نے چین میں پاکستانی طلباء کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کرونا وائرس کے حوالے سے ہیلپ لائن 24 گھنٹے فعال ہو گی۔ ریلیف پیکج کی نگرانی اور ثمرات حق داروں تک پہنچانے کیلئے مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔