Friday, March 29, 2024

وفاقی کابینہ کے ارکان کی تعداد 34 ہو گئی ‏

وفاقی کابینہ کے ارکان کی تعداد 34 ہو گئی ‏
April 20, 2019

اسلام آباد (92 نیوز)وزیراعظم عمران خان کی ٹیم میں نئی کھلاڑیوں کی شمولیت کے بعد وفاقی کابینہ  کے ارکان کی تعداد 34  تک پہنچ گئی، 13 معاونین خصوصی اسکے علاوہ ہیں، نو تشکیل شدہ کابینہ کا اجلاس بھی منگل کو طلب کرلیا گیا، ایمنسٹی اسکیم ایجنڈے میں شامل نہیں۔

18ویں آئینی ترمیم کے تحت کابینہ کا حجم 49 تک ہوسکتا ، معاونین خصوصی کی تعداد کتنی ہوسکتی آئین میں کوئی قدغن نہیں۔

کپتان کی وفاقی کابینہ میں  24 وزرا، 5 وزرائے مملکت، 5 مشیران شامل ہیں ، 13 معاونین خصوصی علیحدہ ہیں جو کابینہ کا حصہ تو ہیں لیکن گنتی میں شامل نہیں۔

کپتان کی ٹیم میں غیرمنتخب ارکان کی تعداد بڑھ کر 16 ہوگئی ہے ، 4 منتخب ارکان اسمبلی کی جگہ 3 ٹیکنوکریٹس نے سنبھال لی۔

وزیراعظم عمران خان نے نئی تشکیل شدہ کابینہ کا اجلاس منگل کو طلب کرلیا۔ اسد عمر نہیں تو ایمنسٹی اسکیم بھی نہیں، 16 نکاتی ایجنڈا زیر بحث آئے گا۔

بڑی بیٹھک میں ملکی کی اقتصادی صورتحال کا جائزہ لیا جائیگا جبکہ سعودی فنڈ برائے ترقی کے منصوبوں کیلئے ٹیکس چھوٹ اور سابق وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والی ای سی سی اجلاس کے فیصلوں کی منظوری دی جائے گی۔

اجلاس میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے سے متعلق خصوصی کمیٹی کی سفارشات پیش کی جائیں گی ،  ریلوے کی مال بردار گاڑیوں کو حکومتی اداروں کے استعمال میں لانے سے متعلق فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا، کابینہ اہم تعیناتیوں کی بھی منظوری دے گی۔