Friday, April 19, 2024

وفاقی کابینہ کی ایک لاکھ ٹن گندم درآمد کرنیکی منظوری

وفاقی کابینہ کی ایک لاکھ ٹن گندم درآمد کرنیکی منظوری
July 28, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی کابینہ نے ایک لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دیدی۔ شبلی فراز کہتے ہیں کہ درآمدی گندم آئندہ ماہ پہنچ جائیگی۔ وفاقی کابینہ نے پٹرولیم مصنوعات بحران کی تحقیقات کیلئے کمیشن کے قیام کی بھی منظوری دیدی۔ اسلام آباد میں گھروں میں کام کرنے والے ورکرز کے تحفظ کا بل بھی منظور کرلیا گیا، وزیر اعظم نے میڈیا کے واجبات فوری ادا کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اطلاعات شبلی فراز نے تانیہ ادروس اور ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا جیسے موزی مرض نے دسمبر کے آخر اور جنوری کے شروع میں پاکستان کو اپنی لپیٹ میں لینا شروع کیا، یہ ایسی صورتحال تھی جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، ہم نے کچھ عرصے کیلئے لاک ڈاؤن کیا مگر اس کے نتائج پائیدار ثابت نہ ہوئے۔ شبلی فراز کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے ہماری معیشت پر بہت برے اثرات پڑے، لیڈر شپ نے وہ راستہ اختیار کیا جس سے غریب افراد کو ایسا ماحول ملے کہ ان کی روزی روٹی چلتی رہے۔ عمران خان نے ایسی حکمت عملی ترتیب دی جس سے صحت اور روزگار دونوں چل سکیں، جو لاک ڈاؤن کا مشورہ دے رہے تھے ہم جانتے ہیں کہ ان کا مقصد کیا تھا۔ اشرافیہ اپنے مہروں کے ذریعے ہم پر تنقید کرتے رہے، عمران خان کسی بھی مقام ہر نہیں لڑکھڑائے، کیونکہ ان کی نیت ٹھیک تھی۔ انہوں نے کہا کہ کئی ممالک ہمارے ماڈل کو فالو کرنا چاہ رہے ہیں، اور کیا ہے، تنقید کرنے والوں کو شرم نہیں آئی کہ عمران خان کو بہترین حکمت عملی اپنانے پر سراہیں، احساس پروگرام کے ذریعے 160 ارب روپے غریب عوام تک پہنچائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری معیشت کو اتنا نقصان نہیں ہوا جتنا سوچ رہے تھے، یورپ کے چند ممالک کی معیشت مائینس میں چلی گئی ہے، ہماری معیشت اللہ کا شکر ہے ابھی مثبت میں ہے، جس طرح ہم نے کورونا کو کور کیا اسی طرح معیشت کو بھی کور کریں گے۔