Tuesday, May 14, 2024

وفاقی کابینہ کی اکثریت نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کر دی

وفاقی کابینہ کی اکثریت نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کر دی
December 10, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) کابینہ کی اہم بیٹھک کے دوران زیرو آور اجلاس میں مریم نواز کی بیرون ملک روانگی کا تذکرہ ہوا۔ وفاقی کابینہ کی اکثریت نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کردی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا سمیت کئی وزراء نے مریم نواز کی بیرون ملک روانگی کی مخالفت کر دی۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ وفاقی حکومت کسی صورت مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہ نکالے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بھی فیصل واوڈا کی تجویز کی حمایت کر دی۔ کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا نوازشریف کے بھائی،بیٹے، بہوئیں، نواسے نواسیاں اور سمدھی کے موجود ہوتے ہوئے بھی وہ صرف ایک رشتے پر انحصار کر رہے ہیں۔ اس کا مطلب ہے باقی رشتوں پر انہیں اعتماد نہیں ہے۔ سب کمیٹی کو کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ مریم نواز کی باہر جانے کی خواہش کی حکومتی سطح پر پذیرائی نہیں ہو گی۔ وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن بھی کہہ چکے ہیں کہ حکومت مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالے گی ۔ لاہور ہائی کورٹ کا دو رکنی بنچ مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے متعلق حکومت کو سات دن میں فیصلہ کرنے کا حکم دے چکا ہے۔