Monday, May 6, 2024

وفاقی کابینہ کی آئندہ مالی سال کے بجٹ سٹریٹجی پیپر کی منظوری

وفاقی کابینہ کی آئندہ مالی سال کے بجٹ سٹریٹجی پیپر کی منظوری
March 17, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی کابینہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ سٹریٹجی پیپر کی منظوری دیدی ۔ فردوس عاشق اعوان نے کابینہ اجلاس کے فیصلوں پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کابینہ اجلاس میں کورونا وائرس کے معیشت پر اثرات پر بھی بات ہوئی۔ وفاقی کابینہ کو کورونا کی روک تھام کیلئے اقدامات سےآگاہ کیا گیا۔ بجٹ پیپر کو پاکستان کی اکانومی کے لیے لازم و ملزوم قرار دیا گیا۔ اس حوالے سے ترجیحات میں معیشت میں استحکام، مہنگائی پر کنٹرول، قرضوں میں کمی لانا، ریونیو میں اضافہ شامل ہیں۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کابینہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ پیپر کی منظوری دی۔ مجوزہ اقدامات سے مہنگائی میں کمی اور معیشت میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا مشیر خزانہ نے معیشت کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی۔ مشیرخزانہ نے بتایا 5 ہزار ارب قرضے کی مد میں واپس کیے۔ ریونیو میں 17 فیصداضافہ دیکھنے میں آیا۔ فردوس عاشق اعوان بولیں توانائی کے حوالے سے کوئی بھی معاہدہ موجودہ حکومت میں نہیں ہوا۔ سابقہ حکومتوں کے کیے مہنگے معاہدوں کی قیمت موجودہ حکومت کو چکانا پڑ رہی ہے۔ وزیراعظم نے متعلقہ وزارت کو معاہدوں پر دوبارہ مذاکرات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔