Sunday, September 8, 2024

وفاقی کابینہ کا نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد تیز کرنے کا فیصلہ، بھارتی جارحیت کیخلاف عالمی سطح پر آواز اٹھائی جائےگی

وفاقی کابینہ کا نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد تیز کرنے کا فیصلہ، بھارتی جارحیت کیخلاف عالمی سطح پر آواز اٹھائی جائےگی
August 24, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں بھارت کی جانب سے اشتعال انگیز ی اورنیشنل ایکشن پلان سمیت سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چودھری نثار اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بریفنگ دی۔ کابینہ نے بھارتی ہٹ دھرمی کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے اور کسی بھی جارحیت پر بھرپور جواب دینے کا عزم ظاہر کیا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی سلامتی، سیاسی صورتحال سمیت دیگر امورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں مشیر سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز نے بھارت سے مذاکرات کی معطلی پر بریفنگ دی۔ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ بھارت کی جانب سے سرحدی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا جبکہ مذاکرات پر ہٹ دھرمی دکھانے کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا جائے گا۔ اس سلسلے میں وزارت خارجہ کو بھرپور سفارتی مہم چلانے کا کہا گیا ہے۔ اجلاس میں اسحاق ڈار نے ایم کیو ایم سے ہونے والے مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ چودھری نثار نے بریفنگ میں بتایا کہ ملک بھرمیں 20 ہزار 186 سے زائد دہشت گردوں کے خلاف کارروائی ہوئی۔ 3 ہزار 418 دہشت گرد گرفتار 193 مجرموں کو پھانسی دی گئی۔ 190 مدارس کوغیر ملکی فنڈ ملنے کا انکشاف ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد تیز ہوگا جبکہ کراچی میں مکمل امن تک آپریشن جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔