Thursday, April 18, 2024

وفاقی کابینہ کا سرکاری دفاتر کے اوقات نو سے پانچ،وزیراعظم کےتمام صوبدایدی فنڈ ختم کرنےکا فیصلہ

وفاقی کابینہ کا سرکاری دفاتر کے اوقات نو سے پانچ،وزیراعظم کےتمام صوبدایدی فنڈ ختم کرنےکا فیصلہ
August 24, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے اعلیٰ سرکاری حکام کے تمام صوابدیدی فنڈ ختم کرنے کے ساتھ سرکاری دفاتر میں اوقات کار نو سے پانچ بجے تک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراطلاعات ونشریات نے جمعہ کی شام میں کابینہ کے فیصلوں کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے دفتری اوقات میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے جو اب صبح نو بجے سے لیکر شام پانچ بجے تک ہوںگے اورہفتہ کے دن کی ہفتہ وار چھٹی ختم نہیں کی گئی ، اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ سرکاری ملازمین دفتری اوقات کے دوران اپنے کام کو مکمل وقت دیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ آج کے بعدسے ترقیاتی منصوبوں پر پارلیمنٹ میں بحث کی جائے گی اور تفصیلی جائزہ کے بعد ان کی منظوری دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ تمام وزراء کے فنڈز جاری کرنے کے صوابدیدی اختیارا ت بھی ختم کردئیے گئے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ سال ماضی کی حکومت نے اکیس ارب روپے کے فنڈز خرچ کیے ۔اس کے علاوہ ایم این ایز کو ترقیاتی منصوبوں کیلئے تیس ارب روپے جاری کیے گئے اس طرح یہ اکیاون ارب روپے کی ایک بڑی رقم بن گئی ۔انہوں نے کہاکہ ماضی کی حکومتوں نے قومی خزانے کو اپنی ذاتی جائیداد طورپر استعمال کیا۔ وفاقی کابینہ نے صدر، وزیراعظم اور ارکان قومی اسمبلی کے تمام صوابدیدی فنڈز پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ یہ ٹیکس ادا کرنے والوں کی بے حرمتی ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ کفایت شعاری کی مہم کے سلسلے میں یہ فیصلہ کیاگیا ہے کہ وزیراعظم غیرملکی دوروں کیلئے خصوصی طیارہ استعمال نہیں کریںگے بلکہ وہ عام مسافرطیاروں میں سفر کریںگے اور بزنس یا فرسٹ کلاس کے بجائے کلب کلاس میں سفر کریںگے ، یہ صوابدید صدر، چیف جسٹس اوردیگر اعلی افسران کیلئے بھی ختم کردی گئی ہے ۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ کابینہ نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ ملتان میٹرو بس منصوبے ، لاہور اورنج منصوبے اور پشاور میٹرو بس منصوبے سمیت تمام ماس ٹرانسپورٹ منصوبوں کا فرانزک آڈٹ کرایاجائے گا ۔اگر ضرورت ہوئی تو ایف آئی اے ان امور کی تحقیقات کرے گا ۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ حکومت عوام کامعیار زندگی بہتر بنانااوران کے مسائل حل کرنا چاہتی ہے اورکچی آبادیوں میں رہنے والے افراد کے مسائل حل کرنے اوران انھیںمرکزی دھارے میں لانے کیلئے ایک ٹاسک فورس قائم کی جائے گی ۔کابینہ نے آئندہ ماہ سے کراچی ، پشاور ، کوئٹہ اور لاہور میں درخت لگانے کے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس کا مقصد ان علاقوں کو سرسبز بنانا اورماحولیاتی تبدیلی کے برئے اثرات کو کم کرنا ہے۔ ۔ فیصل آباد کے واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ یہ دو گروپوں کے درمیان     امن واماں کا مسئلہ تھا اور مذہب سے اس کا کوئی تعلق نہیں تھا۔وزیراطلاعات نے ایک سوال کاجواب دیتے ہوئے کہاکہ وزارت کیڈ کوختم کرنے اوراس کے ملازمین کو دوسرے شعبوں میں ضم کرنے کا جائزہ لیاجارہا ہے۔