Wednesday, April 24, 2024

وفاقی کابینہ کا تمام پاکستانیوں کا ٹیکس ریکارڈ پورٹل پر ڈالنے کا فیصلہ

وفاقی کابینہ کا تمام پاکستانیوں کا ٹیکس ریکارڈ پورٹل پر ڈالنے کا فیصلہ
August 4, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی کابینہ نے تمام پاکستانیوں کا ٹیکس ریکارڈ پورٹل پر ڈالنے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 13 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ کابینہ اجلاس میں مشیر برائے اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین پر تنقید ہوئی۔ اراکین نے کہا کہ بتایا جائے اب تک اصلاحات میں کیا پیشرفت ہوئی۔ حکومتی اداروں سے متعلق اصلاحات پر وزیراعظم نالاں نظر آٗئے۔ وزیراعظم نے بتایا کہ تمام صوبوں نے شادی ہالز، ہوٹلز، ریستوران کھولنے کے خطوط لکھے ہیں۔ کابینہ نے ہوٹل کھولنے کی حمایت کرتے ہوئے معاملہ این سی او سی کو بھجوا دیا۔ حکومت نے گیس سکیموں پر پابندی ہٹانے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیراعظم بولے یہی صورتحال رہی تو مستقبل میں صرف درآمدی گیس ہی استعمال کرنا پڑے گی۔ اسد عمر نے کابینہ کو معاشی صورتحال پر بریفنگ میں بتایا کہ مشکل صورتحال کے باوجود ترسیلات زر میں 7 فیصد اضافہ ہوا۔ بھارت کی برآمدات اور ترسیلات زر دونوں میں کمی آئی۔ اقتصادی صورتحال بہتر ہونے پر وزیراعظم نے اطمینان کا اظہار کیا۔ کابینہ نے تمام پاکستانیوں کا ٹیکس ریکارڈ پورٹل پر ڈالنے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے ایف بی آر حکام کو فوری طور پر پورٹل بنانے کی ہدایت کر دی۔ کابینہ نے سیما کامل کو ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بنک تعیناتی کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی کے بورڈ کی تشکیل نو کر دی۔ ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق پیشرفت رپورٹ کابینہ میں پیش کی گئی۔ کابینہ اجلاس میں کرونا کیسز میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ کابینہ نے پاکستان کے سرکاری نقشہ کی تیاری اور اجرا کی منظوری دے دی۔ بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کو پاکستان کے سرکاری نقشے میں شامل کر لیا گیا۔ پاکستان یہ نقشہ اقوام متحدہ میں بھی پیش کرے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے نئے نقشے کی تیاری پر مبارکباد دی۔ کابینہ ارکان نے کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔