Friday, April 26, 2024

وفاقی کابینہ کا اجلاس ، کورونا کیسز میں کمی پر اظہار اطمینان

وفاقی کابینہ کا اجلاس ، کورونا کیسز میں کمی پر اظہار اطمینان
July 14, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی کابینہ کا وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کورونا کیسز میں کمی پر اظہار اطمینان کیا گیا۔ کابینہ نے گھریلو و کمرشل صارفین پر 73 ارب روپے کا بوجھ ڈالنے سے روک دیا۔ ذرائع کے مطابق اراکین کے الیکٹرک کے بجلی کے نرخوں پر  بھی متفق نہ ہو سکے۔ وزیراعظم نے کے الیکٹرک، ایل این جی کے معاملے پر رواں ہفتے اہم اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا جبکہ ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کھولنے کا معاملہ وفاقی وزیر اسدعمر کے سپرد کر دیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کا معاملہ مؤخر کر دیا گیا۔ کابینہ کے اجلاس میں عید پر بازار، مارکیٹس، ریسٹورنٹس اور مارکیز کھولنے پر بھی غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے عید سے پہلے مارکیٹس، ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور مارکیز کھولنے کی حمایت کی ۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ  ہوٹل اور ریسٹورنٹس کھولیں ورنہ لوگ بھوکے مر جائیں گے۔ وزیراعظم نے اسد عمر کو ہدایت کی کہ وہ ہوٹلز ریسٹورنٹس اور مارکیز کے معاملے کو سنجیدگی سے دیکھیں۔ وفاقی وزیر علی زیدی نے عزیر بلوچ جے آئی ٹی کا معاملہ بھی کابینہ میں اٹھایا۔ کابینہ اراکین کو ملک میں کووڈ 19 کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ جبکہ سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی اور صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ کابینہ اراکین نے کورونا کیسز میں کمی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے زور دیا کہ  کورونا ختم نہیں ہوا ابھی مزید احتیاط کی ضرورت ہے ۔ وزیراعظم نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈیوں میں ہر صورت ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔