Monday, May 6, 2024

وفاقی کابینہ کااجلاس کل طلب،فوجی عداتوں کی مدت میں توسیع کے مسودے پر ‏مشاورت ہوگی

وفاقی کابینہ کااجلاس کل طلب،فوجی عداتوں کی مدت میں توسیع کے مسودے پر ‏مشاورت ہوگی
January 9, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز)وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا، فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے مسودہ پر ابتدائی مشاورت ہوگی ۔ ای سی ایل سے 172 افراد کے ناموں پر نظر ثانی سے متعلق کمیٹی کی سفارشات پر غور ہوگا، بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کے نام۔ای سی ایل سے نکالنے کی حتمی منظوری بھی دی جائے گی۔ وفاقی کابینہ کے جمعرات کو ہونے والے اجلاس کا 26 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا،میگا منی لانڈرنگ کیس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ میں نامزد 172 افراد کے ناموں کو ایگزٹ کنڑول لسٹ سے نکالنے سے متعلق وزارتی کمیٹی کی سفارشات پیش کی جائیں گی۔ عدالتی حکم پر چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی حتمی منظوری بھی دی جائے گی۔ حکومت نے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا ،  وزارت قانون اور داخلہ نے مسودہ تیار کر لیا  ،اپوزیشن جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیا جائیگا ۔مسودے پر ابتدائی جائزہ کل کابینہ اجلاس میں لیا جائے گا۔ کابینہ اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے ، سپیشل کورٹ سنٹرل کے جج کی تقرری، پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی نامزدگی کی منظوری دی جائے گی۔ ڈی جی سول ایوی ایشن کا اضافی چارج دینے کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے ۔