Thursday, May 2, 2024

وفاقی کابینہ کا اجلاس ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کی توثیق

وفاقی کابینہ کا اجلاس ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کی توثیق
May 7, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کی توثیق کی گئی۔ وزیراعظم نے بجلی چوری ختم اور لائن لاسز کم کرنے پر وزارت توانائی کی تعریف کی اور کہا کہ آئندہ سال کے اختتام تک گردشی قرضہ ختم کر دیا جائیگا۔ معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بتایا کابینہ کا 16 نکاتی ایجنڈا تھا،اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کابینہ میں توانائی کے مسئلے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ رمضان میں عوام کو لوڈ شیڈنگ سے محفوظ رکھنے کے لیے ترجیحات طے کی گئیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ای سی سی فیصلے پر بھی غور کیا گیا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا وفاقی کابینہ نے پاکستان اور برازیل کے درمیان معاہدے کی منظوری دے دی۔ وزیر تعلیم نے مدارس میں ریفارمز سے متعلق کابینہ کو بریفنگ دی۔ تاثر گیا کہ 30ہزار مدارس کو وزارت تعلیم کے ماتحت کیا گیا ہے۔ یہ مدارس وزارت تعلیم کے ساتھ منسلک کر دیئے گئے ہیں ۔ معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بتایا وزیر تعلیم نے بتایا کہ مدارس کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ وزارت تعلیم کے علاوہ کوئی ادارہ مدارس کی رجسٹریشن کا مجاز نہیں ہو گا۔ مدارس کو ون ونڈو آپریشن کے تحت رجسٹرڈ کیا جائے گا۔وزارت مدارس کے کام میں رکاوٹیں ڈالنے کے بجائے سہولتیں فراہم کرے گی۔ کمپیوٹرایجوکیشن تک رسائی مدارس کے طلبہ کا بھی حق ہے۔ فردوس عاشق اعوان بولیں مدارس میں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ کیپسٹی بلڈنگ بھی کی جائے گی۔ مدارس کے طلبہ کو تنہائی سے نکال کر مین سٹریم میں لانے کے لیے ترجیحات طے کی گئیں ہیں۔ انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان کا ویژن یکساں نصاب ہے۔ چاہتے ہیں مدارس میں بھی یکساں نظام تعلیم رائج کیا جائے۔ مختلف وزارتوں میں تحائف کے لیے مختص فنڈز ختم کر دیا گیا۔