Tuesday, April 23, 2024

وفاقی کابینہ کا اجلاس، گوادر میں مظاہرین سے مذاکرات کیلئے دو وزرا کو بھیجنے کا فیصلہ

وفاقی کابینہ کا اجلاس، گوادر میں مظاہرین سے مذاکرات کیلئے دو وزرا کو بھیجنے کا فیصلہ
December 14, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں گوادر میں مظاہرین سے مذاکرات کیلئے دو وزرا کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کیئے گئے۔ افغانی باشندوں کیلئے پاکستانی ویزے کے حصول کیلئے درکار سکیورٹی کلیرنس کی مدت 30 دن سے کم کر کے 15 دن کرنے کی منظوری دے دی۔ افغان عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے والی بین الاقوامی این جی اوز کی رجسٹریشن کا طریقہ کار آسان جبکہ این جی اوز کے اہل کاروں کو پاکستانی ویزہ بغیر سکیورٹی کلیرنس دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اسی طرح پاکستان کے راستے دوسرے ممالک میں نقل مکانی کرنے والے افغان باشندوں کیلئے دی گئی سہولت میں مزید 60 دن کی توسیع کر دی گئی۔ کابینہ نے این ڈی ایم ایم اے  کو افغانستان کیلئے امداد فراہم کرنے اور ، 50، 100 اور 1000 کے پرانے کرنسی نوٹ تبدیل کرنے کی مدت میں 31 دسمبر 2022 تک توسیع کی اجازت دے دی۔

ہوابازی ڈویژن کی سفارشات پر پاکستان اور تاجکستان کے مابین دو طرفہ فضائی روٹ میں تبدیلی کی منظوری دی جس سے فضائی فاصلے اور سفری اخراجات میں کمی آئے گی۔ کابینہ نے پاکستان اور قازقستان کے براہ راست ہوائی سفر  جبکہ پاکستان اور عراق کے درمیان کمرشل فلائیٹس میں اضافہ کرنے کیلئے دونوں ممالک کے مابین فضائی سفر معاہدے میں ترمیم کی بھی منظوری دے دی۔ کابینہ نے سندھ میں اشیاء ضروریہ بشمول آٹا، چینی، دودھ، گھی  اور دالوں کی زیادہ قیمتوں پر تشویش کا اظہار کیا۔