Thursday, April 18, 2024

وفاقی کابینہ کا اجلاس‘ بھارتی فائرنگ سے شہادتوں کی مذمت

وفاقی کابینہ کا اجلاس‘ بھارتی فائرنگ سے شہادتوں کی مذمت
November 23, 2016

اسلام آباد (92نیوز) وفاقی کابینہ نے کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ معاملہ عالمی سطح پر بھرپور طریقے سے اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعظم نوازشریف کہتے ہیں کہ امن کی کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ وطن کے دفاع کےلئے ہر قربانی دینگے۔

تفصیلات کے مطابق کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے شہادتوں پر وفاقی کابینہ غمزدہ‘ ارکان نے بھارتی جار حیت کی پرزورالفاظ میں مذمت کی۔ کہتے ہیں معاملے کو عالمی سطح پر اٹھا رہے ہیں۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران کنٹرول لائن کی موجودہ صورتحال اور بھارتی جارحیت کے حوالے سے غور کیا گیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ دفاع، تعلیم، صحت، ٹیکنالوجی، ریسرچ سمیت اہم شعبوں میں 6ممالک کے ساتھ 9معاہدوں کی منظوری دی گئی ہے۔

کابینہ نے بھارت اوریجن ادویات منگوانے کےلئے این او سی کی بھی منظوری دیدی۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی۔ پیپرا رولز کے ا زسرنو جائزہ کےلئے وزیرریلوے سعد رفیق کی سربراہی کابینہ کی خصوصی کمیٹی قائم کر دی۔ کابینہ نے اس فیصلے کو برقرار رکھا کہ دسمبر 2017ءتک افغان مہاجرین کو واپس اپنے وطن جانا ہوگا۔