Thursday, May 9, 2024

وفاقی کابینہ کا اجلاس ، اشیائے خورونوش سے متعلق پیکج کی منظوری

وفاقی کابینہ کا اجلاس ، اشیائے خورونوش سے متعلق پیکج کی منظوری
February 11, 2020

 اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی کابینہ کا اجلاس ختم ہو گیا۔ اجلاس میں اشیائے خورونوش سے متعلق پیکج کی منظوری دے دی گئی۔

مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے اچھی خبر آ گئی۔ وفاقی کابینہ نے 10 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے پانچ ماہ میں یوٹیلیٹی اسٹورز کو 10 ارب جاری کرنے کی منظوری دی ۔ رمضان المبارک میں پانچ ارب روپے الگ ملیں گے۔

وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی خسرو بختیار نے آٹا اور چینی کی قیمتوں پر بریفنگ دی اور بتایا کہ شوگرملز مالکان یوٹیلیٹی اسٹورز کو 68 روپے فی کلو گرام کے حساب سے ایک لاکھ ٹن چینی فراہم کرنے کو تیار ہیں۔ حکومت یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے گندم بھی وافر مقدار میں خریدے گی۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ یوٹیلٹی اسٹور پر 20 کلو آٹے کا تھیلا 800 روپے، چینی 70 روپے کلو، گھی 175، چاول اور دالیں 15 سے 20 روپے فی کلو سستی ملیں گی ۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا عوام کو دیئے گئے ریلیف کا یہ پہلا مرحلہ ہے۔ آئندہ ایسے مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔

اُدھر نائنٹی ٹو نیوز وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے لے آیا۔ اجلاس میں پرویزخٹک ، فواد چودھری اور علی امین گنڈا پور نے یوٹیلیٹی اسٹورز پیکیج پر تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کو اربوں روپے دینے کی بجائے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کی جائیں۔