Friday, March 29, 2024

وفاقی کابینہ نے کامیاب نوجوان پروگرام کی منظوری دے دی

وفاقی کابینہ نے کامیاب نوجوان پروگرام کی منظوری دے دی
May 21, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی کابینہ نے کامیاب نوجوان پروگرام کی منظوری دے دی ۔ نوجوانوں کو آئندہ چار سال میں 200 ارب روپے کا قرض فراہم کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس ختم ہو گیا۔ اجلاس میں کابینہ نے کامیاب نوجوان پروگرام کی منظوری دے دی۔ ذرائع کے مطابق پروگرام کے تحت جوانوں کو آئندہ 4 سال میں 200 ارب روپے کا قرض فراہم کیا جائے گا۔ 21 تا 45 سال کی عمر کے افراد کو آسان شرائط پر قرض فراہم کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت 5 لاکھ سے 2 کروڑ روپے تک قرض دیا جائے گا۔ کابینہ نے کراچی الیکٹرک کو نیشنل گرڈ سے 150 میگا واٹ اضافی بجلی فراہم کرنے کی منظوری بھی دے دی۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ ڈاکٹر اسد زمان، حامد مختیار کو اسٹیٹ بینک مانیٹری پالیسی کمیٹی کا رکن تعینات کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ اسلام آباد لوکل گورنمنٹ بورڈ کی تشکیل کی منظوری بھی دے دی گئی۔ چیف کمشنر اسلام آباد بورڈ کے چیئرمین ہوں گے۔ ارکان پارلیمنٹ کی ترقیاتی اسکیموں کے لیے گائیڈ لائنز میں ترامیم کی منظوری بھی دی گئی۔ کابینہ ارکان نے وفاقی وزیر علی محمد مہر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ اجلاس میں مہنگائی کی صورتحال اور حکومتی رمضان پیکج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت پر بھی غور کیا گیا۔ اسٹیٹ بینک کو ڈالر کی قیمت کنڑول کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت بھی کی گئی۔