Thursday, May 9, 2024

وفاقی کابینہ نے چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت کی ، فردوس عاشق

وفاقی کابینہ نے چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت کی ، فردوس عاشق
May 28, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا وفاقی کابینہ نے چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت کی ہے۔ معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ریاست پاکستان کی رٹ چیلنج کرنے والوں نے فوجی چوکی پر حملہ کیا۔ کابینہ نے افواج پاکستان اور زخمیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ فردوس عاشق اعوان بولیں قبائلی عوام نے امن کی بحالی کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ جن شرپسندوں کو قبائلی علاقوں کی ترقی ایک آنکھ نہیں بھائی انہوں نے دوبارہ شرپسندی شروع کردی ۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا وزیراعظم نے قبائلی عوام کو سینے سے لگایا اور امن و ترقی کا نیا باب شروع ہوا۔ معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا بین الاقوامی ہاتھوں میں کھیل کر کچھ افراد نے معصوم قبائلیوں کو سیاست کا ایندھن بنانے کی کوشش کی ۔ قبائلی عوام کے حقوق، جان و مال کے تحفظ کے لیے پورے پاکستان کے عوام شانہ بشانہ کھڑے ہونگے۔ پاکستان کے پرچم کی توہین کرنے، قومی سلامتی کو داو پر لگانے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہو گی۔