Saturday, April 27, 2024

وفاقی کابینہ نے مہنگائی کا اعتراف کرلیا، پشاور دھماکے کی شدید مذمت

وفاقی کابینہ نے مہنگائی کا اعتراف کرلیا، پشاور دھماکے کی شدید مذمت
October 27, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی کابینہ نے ملک میں کمر توڑ مہنگائی کا اعتراف کرلیا، پشاور دھماکے کی شدید مذمت کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں مہنگائی کا ایشو چھایا رہا، کابینہ کی جانب سے پشاور دھماکے کی شدید مذمت کی گئی، واقعے میں شہید ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مہنگائی کے معاملے پر تفصیلی بحث ہوئی، وزراء نے مہنگائی میں کمی کیلئے ہنگامی اقدامات پر زور دیا، ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں وزراء کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے اقدامات درست ہیں لیکن بیوروکریسی مسائل کے حل میں رکاوٹ ہے۔ وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے وزیراعظم سے بیوروکریسی کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا، اُنہوں نے کہا کہ کچھ بیورو کریٹ مہنگائی میں کمی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، مہنگائی میں کمی کیلئے حکومتی اقدامات اور احکامات پر عمل نہیں ہو رہا۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ بیوروکریسی سیدھے سیدھے کام کو بھی مہینوں تاخیر کا شکار کر دیتی ہے، وزیراعظم بیوروکریسی میں شامل ایسی کالی بھیڑوں کو نکال باہر کریں۔ گندم بحران میں ملوث بیوروکریسی کی مکمل نشاندہی ہونی چاہئیے، کسی وزیر کی جانب سے کمزوری ہے تو اس کی بھی نشاندہی ہونی چاہئیے۔ اس موقعہ پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم معاملے کی تہہ تک پہنچیں گے، مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ اقدامات اُٹھائے جائیں۔ جب تک مہنگائی کنٹرول نہیں ہوگی، چین سے نہیں بیٹھوں گا، مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے، انکی مشکلات کا مکمل احساس ہے، مہنگائی میں کمی میری ترجیح ہے۔