Friday, April 26, 2024

وفاقی کابینہ نے مراد علی شاہ،بلاول کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دیدی

وفاقی کابینہ نے  مراد علی شاہ،بلاول کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دیدی
January 17, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وفاقی کابینہ نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دے دی ۔ وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس میں بڑے فیصلے کئے گئے ، کابینہ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کا آغاز کردیا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کابینہ نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دے دی ۔ اب بھی 170 افراد کا نام ای سی ایل میں رہے گا ، جن میں شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری  کا نام بھی شامل ہے جبکہ پیپلزپارٹی کے کئی دیگر اہم اور بڑے نام ای سی ایل میں رہیں گے ۔ فریال تالپور ، قائم علی شاہ ، سہیل انور سیال  اور بحریہ ٹاؤن کے سی ای او ملک ریاض کا نام بدستور ای سی ایل میں رہے گا ۔دوسری طرف ایک ستر افرد میں اومنی گروپ کے عبدامجید ، نجی بینکوں کے سربراہان  سمیت کئی سرکاری ملازمین کے نام بھی ای سی ایل میں شامل ہیں ۔ واضح رہے کہ گزشتہ کابینہ کے اجلاس میں وزارت داخلہ کی جانب سے 25 افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی سفارش کی گئی تاہم کابینہ  نے وزرات داخلہ کی درخواست مسترد کر دی  ۔ وفاقی حکومت کی جانب سے جے آئی ٹی کی  رپورٹ میں شامل تمام 172افراد کے نام ای سی ایل میں ڈال دیے گئے تھے تاہم سپریم کورٹ نے وفاق کو وزیر اعلیٰ سندھ اور بلاول بھٹو کے نام پر نظر ثانی کی ہدایت دی تھی ۔ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں  چیف جسٹس  میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے  تھے کہ بلاول معصوم نے پاکستان آکر ایسا کیا کام کردیا، جےآئی ٹی نے معاملےمیں ملوث کیوں کیا، کس کے کہنے پر بلاول کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا، بلاول کا کیس نیب کو  بھجوانے کی سفارش کیوں کی،بلاول صرف اپنی ماں کا مشن آگے بڑھا رہا ہے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام بھی ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔ کہا وزیراعلیٰ کا استحصال نہیں ہونے دیں گے۔ عدالت نے آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کا نام بھی جے آئی ٹی رپورٹ سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔