Friday, April 19, 2024

وفاقی کابینہ نے فاٹا اصلاحات کی منظوری دے دی

وفاقی کابینہ نے فاٹا اصلاحات کی منظوری دے دی
March 2, 2017

اسلام آباد (92نیوز) وفاقی کابینہ نے فاٹا اصلاحات سفارشات کی منظوری دے دی، اس حوالے سے مجوزہ آئینی ترامیم بھی منظور کر لی گئیں، جلد قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کی جائیں گی، فاٹا کو خیبر پختونخواہ میں ضم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف کہتے ہیں کہ قبائلی عوام نے پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لئے بھی عظیم خدمات دیں ہیں، قبائلی عوام کو قومی دھارے میں لانے کا وقت آ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدات ہوا۔ گورنر خیبرپختونخواہ خصوصی دعوت پر شریک ہوئے۔ اجلاس میں سیکرٹری سیفران ارباب شہزاد نے فاٹا اصلات سفارشات پر بریفنگ دی جس کے بعد کابینہ نے ان سفارشات کی اصولی منظوری دیتے ہوئے مجوزہ آئینی ترامیم کی بھی منظوری دے دی۔

اصلاحات کے بعد خیبر پختونخوا کو قومی آمدن سے 3 فیصد اضافی حصہ ملے گا۔ فاٹا کے لئے 10 سالہ ترقیاتی پروگرام بنایا جائے گا۔ اس موقع پروزیراعظم نواز شریف نے خطاب میں کہا کہ پاکستان پر ہر پاکستانی کا حق ہے، ہر پاکستانی کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہیں، ان کی تاریخ پاکستان سے محبت کی تاریخ ہے، قبائلی عوام کو قومی دھارے میں لانے کا وقت آ گیا ہے، قبائل کی محرومیوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ قومی وسائل پر آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا کے عوام کا دوسرے صوبوں جتنا حق ہے، قومی آمدنی سے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا کو بھی ان کا حصہ ملنا چاہیے۔ قومی یکجہتی اور مضبوطی کے لئے پاکستانیت کے جذبے کو فروغ دیا جائے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی گئی اور دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کیلیے دعا کرائی گئی۔ اس حوالے سے وزیر اعظم کا کہنا تھا دہشت گرد معصوم لوگوں کو نشانہ بنا کر ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ آپریشن ردالفساد کے ذریعے دہشت گردوں کو چن چن کر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور فورسز کو فیصلہ کن کاروائی کی ہدایت کر دی ہے۔