Friday, May 3, 2024

وفاقی کابینہ نے سعودی عرب سے معاہدوں کی منظوری دے دی

وفاقی کابینہ نے سعودی عرب سے معاہدوں کی منظوری دے دی
November 27, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی کابینہ نے سعودی عرب کی جانب سے 3 ارب ڈالر کے ذخائٗر اسٹیٹ بنک میں رکھنے اور ادھار پر تیل خریدنے سے متعلق معاہدے کی منظوری دیدی۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی حکومت نے 3 ارب ڈالر سٹیٹ بینک کے ذخائر میں رکھنے کا وعدہ کیا تھا جس کیلئے وفاقی حکومت نے معاہدہ کرانے کی منظوری دیدی۔ معاہدے کے متن میں لکھا ہے کہ سعودی عرب کے 3 ارب ڈالر سٹیٹ بینک میں ایک سال کے لیے جمع رہیں گے۔ پاکستان اس رقم پر سعودی حکومت کو سالانہ 4 فیصد منافع ادا کرے گا۔

ذرائع کے مطابق سعودی حکومت کے ساتھ معاہدے کا ڈرافٹ وزارت قانون اور اٹارنی جنرل آفس کو بھجوایا گیا جہاں سے اتفاق کے بعد کابینہ نے سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ سے ملنے والے 3 ارب ڈالر سٹیٹ بینک کے ذخائر میں رکھنے کی منظوری دی۔ معاہدے سے پاکستان کے زرمبادلے کے ذخائر 17 ارب ڈالرز سے بڑھ کر 20 ارب ڈالر ہو جائیں گے۔

وفاقی کابینہ نے سعودی عرب سے ادھار پر تیل خریداری کا معاہدہ کرنے کی بھی منظوری دے دی۔ معاہدے کے مطابق سعودی عرب پاکستان کو ماہانہ 100 ملین ڈالرز کا ادھار فیول فراہم کرے گا۔ پاکستان کو تیل کی ادائیگی کے ساتھ 3 اعشاریہ 80 فیصد مارجن بھی دینا ہو گا۔ معاہدہ ابتدائی طور پر ایک سال کے لیے ہے جسے بعد میں بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔