Wednesday, May 1, 2024

وفاقی کابینہ نے ججز کے خلاف ریفرنس کی توثیق کر دی

وفاقی کابینہ نے ججز کے خلاف ریفرنس کی توثیق کر دی
June 4, 2019
اسلام آباد( 92 نیوز) وفاقی کابینہ نے ججز کے خلاف ریفرنس کی توثیق کرتے ہوئے وزیراعظم نے عزم دہرایا کہ کوئی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ پیر کے روز اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے اطلاعات کے بارے میں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عدلیہ کے اندر شکایت کو عدلیہ ہی سننے جا رہی ہے،یہ عدلیہ پر کیسے حملہ ہے؟ کوئی بھی ادارہ مقدس گائے نہیں،احتساب میں سب برابر ہیں۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت ملک میں انصاف کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کیلئے اقتدار میں آئی ہے۔ بار کونسلز سیاست زدہ ہیں وفاقی، کالا کوٹ پہننا ہے تو آئین اور قانون کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا انہوں نے کہا کہ وزیر قانون فروغ نسیم نے کابینہ کو تین ججوں کے بارے میں سپریم جوڈیشل کونسل کو بھیجے گئے ریفرنسز سے متعلق حقائق کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ کابینہ نے وزارت قانون کی جانب سے مکمل جانچ پڑتال کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل کو ریفرنس بھیجنے کی توثیق کی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل اس معاملے کا فیصلہ کرے گی تاہم ذرائع ابلاغ کو اس معاملے پر بحث یا قیاس آرائی کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ نے حال ہی میں مکہ میں منعقدہ اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں مسلمانوں کو درپیش مسائل کو موثر طور پر اجاگر کرنے پر وزیراعظم کی تعریف کی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ کابینہ نے گزشتہ ماہ کی تیس تاریخ کو اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس کے فیصلوں کی منظوری دی۔ کابینہ کو ژالہ باری اور شدید بارشوں کی وجہ سے گندم کی فصل کو پہنچنے والے نقصانات کے بارے میں تفصیل سے بتایاگیا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ دو کروڑ اناسی لاکھ ٹن سے زائد گندم کا ذخیرہ موجود ہے جبکہ اس کی کھپت دو کروڑ اٹھاون لاکھ ہے ہے اور خوراک کی کمی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے دو ہزار پانچ سوگیارہ چینی شہریوں کو ویزے میں ایک سال کی توسیع دی گئی ہے۔ انہوں نے رمضان میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے پر بجلی کے وزیر عمر ایوب کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ عید پر بھی بلا تعطل بجلی کی فراہمی کیلئے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔