Sunday, September 8, 2024

وفاقی کابینہ نے 120نکاتی ایجنڈے میں سے116نکات کی منظوری دیدی

وفاقی کابینہ نے 120نکاتی ایجنڈے میں سے116نکات کی منظوری دیدی
August 24, 2015
اسلام آباد(92نیوز)وفاقی کابینہ نے بھارت سے مذاکرات  کی منسوخی اور سرحدی خلاف ورزیوں پر بھر پور جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔کابینہ نے ملک بھر سمیت کراچی میں دہشتگردی کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔وفاقی کابینہ  کے اجلاس میں 120 نکاتی ایجنڈے میں 116 نکات کی منظوری بھی  دیدی ۔ تفصیلات کےمطابق وفاقی کابینہ  کے اجلاس میں 120 نکاتی ایجنڈے میں سے 116 نکات کی منظوری دیدی گئی اجلاس میں مختلف ممالک کے ساتھ دفاع۔تجارت۔معیشت۔صحت۔تعلیم  کے مختلف  90 ایم او یوز اور معاہدوں کی منظوری بھی دی گئی۔سائبر کرائم اور اطلاعات تک رسائی کے مسودے کی منطوری دی گئی۔ اجلاس میں اردو زبان کو سرکاری  دفاتر میں رائج کرنے کے لیے قانون سازی کا جائزہ لیا گیا اور ایک کمیٹی قائم کی گئی جو اس  حوالے سے اپنی تجاویز کابینہ کو پیش کریگی۔ ارجنٹائن پارک کو پولی کلینک ہسپتال کو دینے کی سمری بھی منظورکر لی گئی  اجلاس میں مشیر خارجہ وسلامتی امور سرتاج عزیز نے بھارت سے مذاکرات کی منسوخی اور سرحدی خلاف ورزیوں پر بریفننگ دی ۔ کابینہ نے بھارتی جارحیت اورمسئلہ کشمیر کوعالمی سطح پر اجاگر کرنے کا فیصلہ اور اس حوالے سے وزارت خارجہ کو سفارتی سطح پربھرپور کام کرنے کی ہدایت دی گئی۔ کابینہ نے بھارت کو سرحدی خلاف ورزیوں پر منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ کیا۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے نیشنل ایکشن پلان پر کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں 20 ہزار 186 سے زائد دہشتگردوں کے خلاف کارروائی ہوئی 3 ہزار 418 دہشتگرد گرفتار 193 مجرموں کو پھانسی دی گئی 30 مدارس پر پابندی عائد  کی گئی جبکہ 190 مدارس کو غیر ملکی فنڈنگ کا انکشاف ہوا  ہے۔ وزیر داخلہ  نے مزید بتایا کہ  ملک بھر میں 3 ہزار 462 کالعدم تحریک طالبان کے کارکنوں کی  نشاندہی ہوئی ہے۔اسٹیٹ بینک نے دس ارب روپے کے 124 اکاوٗنٹ منجمند کئے۔  دہشتگردوں کے خلاف 69 کیسز فوجی عدالتوں میں بھجوائے گئے ۔ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ملک بھر سمیت کراچی میں دہشتگردوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔