Thursday, April 25, 2024

وفاقی کابینہ نے 1200 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کی منظوری دیدی

وفاقی کابینہ نے 1200 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کی منظوری دیدی
March 31, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز ) وفاقی کابینہ  نے 1200ارب روپے کے ریلیف پیکیج کی بھی منظوری دے دی ہے لیکن  حکومت ابھی تک کورونا ریلیف پیکیج پر عملدرآمد شروع نہیں کر سکی ۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 6 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، کابینہ کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ کابینہ نے 1200 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی جب کہ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ایکسپورٹرز کا مال روکے جانے کی اطلاعات کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ گڈز ٹرانسپورٹ سمیت ایکسپورٹرز کا مال نہیں روکا جانا چاہیے، اُنہوں نے رینجرز کو سندھ میں گڈز ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی،  ٹرانسپورٹرز کےلیے مخصوص ڈھابہ ہوٹلز کھولے جانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

کابینہ اجلاس کے حوالے سے بریفنگ میں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے ای سی سی  کے فیصلوں کی توثیق کر دی ہے اور سکوک بانڈز کی منظوری دی  ہے، سکوک بانڈز 3 سال کی مدت کیلئے جاری کیے جارہے ہیں،  اجراء سے لکویڈیٹی کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔ 

کابینہ اجلاس میں 15بین الاقوامی پروٹوکول کنونشن کی منظوری دی گئی۔ وزیراعظم نے ریلوے ،ایف بی آر ، پی آئی اے میں اصلاحات اور اداروں میں ای گورننس کے فروغ کی ہدایت کی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کورونا  زدہ سوچ  کو کورنٹائن کریں،  یہ وقت سیاست کا نہیں ہے،اپوزیشن لیڈر  عوام کی بھلائی چاہتے ہیں تو کورونا ریلیف فنڈ میں اپنے اثاثوں کا کچھ حصہ  عطیہ کریں، اپوزیشن  کورونا سے متعلق تجاویز دےہم خوش آمدید کہیں گے۔