Friday, April 26, 2024

وفاقی کابینہ نے 12 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دیدی

وفاقی کابینہ نے  12 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دیدی
April 28, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز )  وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 12 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دے دی گئی  ، چینی بحران پر انکوائری کمیشن کو مزید تین ہفتے کی مہلت اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کر دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزرا نے ویڈیو لنک سے شرکت کی، اجلاس میں  12 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی گئی ۔ کابینہ نے چینی بحران پر انکوائری کمیشن کو مزید تین ہفتے کی مہلت دینے کی منظوری دی جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاسوں میں کئے گئےفیصلوں کی توثیق بھی کردی گئی۔

چھوٹے کاروبارکرنے والوں کیلئے 75 ارب روپے کے پیکیج کی توثیق اور مالیاتی معاہدوں سے متعلق بلز 2020 پر بریفنگ کے بعد منظوری بھی دی گئی ہے۔اجلاس میں صحافیوں اور صحافتی اداروں کی مالی امداد کے پیکیج کی منظوری دے دی گئی۔

کابینہ اجلاس میں کریڈٹس بیوروز ایکٹ 2015 کی سیکشن 11 کے تحت نوٹیفکیشن کے اجراء اور مسابقتی کمیشن کے قائمقام چیرپرسن کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ قانونی مقدمات سے متعلق کابینہ کی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کردی گئی ہے جبکہ کورونا سے لڑنے والےطبی عملے کی معاونت کیلئے پیکج منظور کرلیا گیا ہے۔

 فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان پٹرولیم کمپنی، سوئی نادرن گیس، پاکستان منرل ڈویلپمنٹ، آئل اینڈگیس کمپنی میں نامزدگیاں کی جائیں گی جبکہ واپڈا کے ممبر فنانس کی تقرری کا معاملہ واپس لے لیا گیا ہے۔

دوسری جانب فاقی حکومت نے کابینہ کی منظوری کے بغیر کی گئی تقرریوں پر نظرثانی کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم کے سیکرٹری نے تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو مراسلہ جاری کردیا ہے جس میں کابینہ کی منظوری کے بغیر ہونے والی تقرریوں کی 30 اپریل تک تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

 سیکرٹری کابینہ 5 مئی کو ان تقرریوں پر وفاقی کابینہ کو بریفنگ دیں گے۔