Thursday, March 28, 2024

کپتان نے ٹیم بدل لی ، اوپننگ پلیئر اسدعمر کی چھٹی ، عبدالحفیظ شیخ مشیرخزانہ مقرر

کپتان نے ٹیم بدل لی ، اوپننگ پلیئر اسدعمر کی چھٹی ، عبدالحفیظ شیخ مشیرخزانہ مقرر
April 19, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی کابینہ میں رد و بدل ہو گیا۔ وزراٗ کی نئی وزارتوں کا فیصلہ جاری کر دیا گیا۔ اوپننگ پلیئر اسدعمر کی چھٹی ہو گئی اور عبدالحفیظ شیخ مشیرخزانہ مقرر کر دیئے گئے۔

 ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق معروف معیشت دان ڈاکٹر حفیظ شیخ  کو وزیراعظم کا مشیر برائے خزانہ تعینات کیا گیا ہے ۔ پی ٹی آئی کے سابقہ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اعظم خان سواتی کی ایک بار پھر کابینہ  میں واپسی ہوئی اور اعظم خان سواتی وفاقی وزیر پارلیمانی امور تعینات ہو گئے۔

 وفاقی  وزیر اعجاز  احمد شاہ   سے  پارلیمانی امور کا قلمدان واپس لیکر وفاقی وزیر داخلہ تعینات کر دیا گیا ۔ فواد چوہدری سے  بھی وزارت اطلاعات کا  قلمدان واپس لیکر ان کو وفاقی وزیر  سائنس اینڈ ٹیکنالوجی تعینات کر دیا گیا۔

 ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی بھی کابینہ میں انٹری ہوئی اور وزیراعظم کی  معاون خصوصی برائے اطلاعات  ونشریات مقرر ہو گئیں۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی   سے قلم دان واپس  لیکر شہریار آفریدی اب وزیر مملکت برائے  سیفران کا عہدہ سنبھالیں گے۔

 وفاقی وزیر میاں سومرو سے ایوی ایشن کا اضافی قلمدان بھی واپس  لے لیا گیا  اور ظفر اللہ مرزا وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت اور ندیم بابر کو  معاون خصوصی برائے پٹرولیم ڈویژن  تعینات کیا گیا ہے  ۔ وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد وفاقی کابینہ میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔