Wednesday, April 24, 2024

وفاقی کابینہ اجلاس ، عمران خان نے دورہ امریکا پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیا

وفاقی کابینہ اجلاس ، عمران خان نے دورہ امریکا پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیا
July 25, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے دورہ امریکا پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیا۔

وزیراعظم نے کابینہ کو بتایا کہ امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی ہے اور پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے۔

 وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گزشتہ دس برس کے دوران سربراہان حکومت و مملکت کے غیرملکی دوروں کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔ راجہ پرویز اشرف سب پر بازی لے گئے ۔ اپنے مختصر ترین دور حکومت میں سال 2012 اور2013 کے دوران 9 غیر ملکی دورے کیے ۔ ان دوروں پر 106.9 ملین روپے خرچ ہوئے۔

 یوسف رضا گیلانی نے سال 2008 سے 2012 کے دوران 48 غیر ملکی دورے کیے ۔ ان دوروں پر 571.6 ملین روپے خرچ ہوئے۔

 اپنی خاموشی کے لیے مشہور صدر ممنون حسین نے خاموشی کے ساتھ سال 2013 سے 2018 کے دوران 31 غیر ملکی دورے کیے ۔ ان دوروں پر 278.2 ملین روپے خرچ ہوئے۔

 ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اس تمام عرصہ کے دوران غیرملکی دوروں پر کیے جانے والے اضافی اخراجات سابق حکمرانوں سے وصول کیے جائیں گے جس کے لیے طریق کار جلد وضع کیا جائے گا۔