Friday, May 17, 2024

وفاقی وزیر شبلی فراز نے روات میں بھنگ کی فصل کی کٹائی کا افتتاح کردیا

وفاقی وزیر شبلی فراز نے روات میں بھنگ کی فصل کی کٹائی کا افتتاح کردیا
December 23, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان میں بھنگ کی پہلی فصل تیار ہوگئی، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے روات میں بھنگ کی فصل کی کٹائی کا افتتاح کیا، کہتے ہیں بھنگ کی کاشتکاری سے فصلوں میں ورائٹی آئے گی۔

بھنگ اُگائیں، کئی بیماریوں کو بھگائیں، بھنگ میں نشہ ہی نہیں کئی بیماریوں کا علاج ہے۔ روات کے قریب حکومتی نگرانی اور ایرڈ یونیورسٹی کے تحت ایک ایکٹر پر بھنگ کی فصل اُگائی گئی جو تین ماہ میں پک کر تیار ہو گئی۔ بھنگ نقد آور فصل ہے جس کی کاشتکاری کے لئے لائسنگ یا این او سی لازمی ہوگا۔

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے بھنگ کی کٹائی کا افتتاح کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھنگ کی کاشتکاری سے لوگوں کی فصلوں میں اب ورائٹی آئے گی۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ بھنگ کا سب سے مہنگا حصہ اسکا بیچ ہے۔ بھنگ پر پالیسی نہیں بنے گی، قانون نہیں بنے گا تو انڈسٹری آگے نہیں جا سکتی۔

وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی نے کہا کہ بھنگ کے حوالے سے منفی باتیں ہورہی ہیں ہمیں ان باتوں پرکان نہیں دھرنے چاہییں۔