Wednesday, May 1, 2024

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دو نئی مسافر ٹرینوں کا افتتاح کر دیا

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دو نئی مسافر ٹرینوں کا افتتاح کر دیا
October 16, 2018
سکھر (92 نیوز) محکمہ ریلوے کی جانب سے سکھر سے دو نئی مسافر ٹرینوں کا آغاز کردیا گیا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے نہ صرف ٹرینوں کا افتتاح کیا بلکہ اسی ٹرین میں ایک عام مسافر کی طرح بیٹھ کر روہڑی اسٹیشن کا دورہ بھی کیا۔ اندرون سندھ کے شہریوں کی سفری مشکلات کو آسان کرنے کے لیئے محکمہ ریلوے کا عوام کو دو نئی ٹرینیں موئن جودڑو ایکسپریس اور روہی ایکسپریس کا تحفہ مل گیا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے سکھر اسٹیشن پر دونوں نئی ٹرینوں کا افتتاح کیا۔ موئن جو دڑو ایکسپریس سکھر سے بذریعہ حبیب گوٹھ، لاڑکانہ اور دادو سے ہوتی ہوئی کوٹری تک جائے گی جبکہ روہی ایکسپریس پنوعاقل، گھوٹکی، اوباڑو اور صادق آباد سے خان پور تک جائے گی۔ افتتاح کے بعد شیخ رشید عام مسافر کی طرح روہی ایکسپریس میں بیٹھ کر روہڑی اسٹیشن کا دورہ کرنے پہنچے اور دورہ کرتے ہوئے نہ صرف پلیٹ فارم پر قائم اسٹالز سے کھانا کھا کر چیک کیا بلکہ اسٹیشن پر موجود مسافروں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سکھر سے ایک اور تیز ٹرین چلاؤں گا کیونکہ یہ میرا پسندیدہ شہر ہے۔ اندروں سندھ میں پرانی ٹرینوں کو 2008 میں ہی بند کردیا گیا تھا جس کے باعث چھوٹے شہروں میں مقیم افراد کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا ، لیکن اب موئن جو دڑو اور روہی ایکسپریس کے ذریعے شہری باآسانی اپنی منزل مقصود تک جاسکیں گے۔