Friday, May 10, 2024

وفاقی وزیر خزانہ نے مالی سال 21-2020 کا اقتصادی سروے پیش کردیا

وفاقی وزیر خزانہ نے مالی سال 21-2020 کا اقتصادی سروے پیش کردیا
June 10, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) مالی سال 21-2020 کا قومی اقتصادی سروے پیش کردیا گیا۔ وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا حکومت اہم معاشی اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ ترسیلات زر 26 ارب ڈالر سے بڑھ گئیں جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر 16 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔

مالی سال میں دو ہزار بیس اکیس میں اقتصادی صورتحال کیا رہی، وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی سربراہی میں حکومتی معاشی ٹیم نےاقتصادی سروے جاری کردیا۔ بتایا کہ موجودہ مالی سال حکومت اہم معاشی اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ معاشی ترقی 2.1 فیصد ہدف کے مقابلے 3.94 فیصد رہی۔

انہوں نے بتایا کہ گنے کی پیداوار 22 فیصد اضافے کے ساتھ 8 کروڑ 10 لاکھ ٹن، گندم کی پیداوار 8.1 فیصد اضافے سے 2 کروڑ 72 لاکھ 93 ہزار ٹن، چاول کی پیداوار 13.6 فیصد اضافے سے 84 لاکھ 19 ہزار ٹن رہی۔

قومی اقتصادی سروے کے مطابق رواں مالی سال پہلے 9 ماہ میں لارج مینوفیکچرنگ کی شرح نمو 8.9 فیصد رہی، گاڑیوں کی فروخت ایک لاکھ 51 ہزار رہی۔

اقتصادی سروے میں حکومت نے تسلیم کیا کہ مہنگائی کو 6.5 فیصد پر رکھنے کا ہدف پورا نہیں کیا جاسکا اور مہنگائی کی اوسط شرح 8.8 فیصد رہی۔ اس کے علاوہ تجارتی خسارہ اور بجٹ خسارہ بھی سارا سال بے قابو رہا اور خود حکومت کے مقررہ ہدف سے زیادہ رہا۔

وفاقی وزیر نے وزیراعظم کی اسمارٹ لاک ڈاون کی پالیسی کو سراہا اور بتایا کہ کووڈ کے آغاز میں ملک بھر میں کام کرنے والوں کی تعداد پانچ کروڑ 60 لاکھ سے کم ہوکر تین کروڑ 50 لاکھ ہوگئی تھی یعنی تقریباً دو کروڑ افراد ملک بھر سے بے روزگار ہو گئے تھے۔ لیکن بعد میں حکومتی اقدامات کے باعث اکتوبر 2020 میں بے روز گاری کم ہوئی اور ملازمت پیشہ افراد کی تعداد بڑھ کر پانچ کروڑ 30 لاکھ تک پہنچ گئی تھی۔

اقتصادی سروے کے مطابق، تعلیمی اخراجات میں 1.2 فیصد اضافہ ہوا، صحت کے شعبے میں مہنگائی 8.3 فیصد، کپڑے اور جوتے 10 فیصد، ریسٹورنٹ اور ہوٹلز میں مہنگائی 10 فیصد، فرنیچر اور گھریلو اشیاء کی چیزیں 8.1 فیصد، کھانے پینے کی اشیاء کی 13.4 فیصد مہنگائی ہوئیں۔