Sunday, May 12, 2024

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس ، سکھر حیدر آباد موٹر وے کی منظوری

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس ، سکھر حیدر آباد موٹر وے کی منظوری
May 26, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس ہوا۔ سکھر حیدر آباد موٹر وے کی منظوری دے دی گئی۔

وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیئے گئے۔ اجلاس میں 6 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا اور حیدر آباد تا سکھر موٹروے کی تعمیر ، گومل زام ڈیم کے ملٹی پرپز پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔ اسی طرح ہوشاب آواران ایم 8 منصوبے کی سمری بھی ایکنک نے منظور کرلی۔ دوران اجلاس خیبر پختونخوا میں سڑکوں کی تعمیر اور مردان صوابی سڑک دو رویا کرنے کی بھی منظوری دی گئی جبکہ ریلوے کے لیے  600 کنٹینر بوگی خریدنے کے منصوبہ کی منظوری مؤخر کی گئی۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ سکھر حیدرآباد موٹروے کی تعمیر کیلئے جلد ہی نیشنل ہائی اتھارٹی ٹھیکیدار کے انتخاب کا کام شروع کر دے گا۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ بورڈ نے بھی سکھر حیدر آباد موٹر وے منصوبے کی منظوری دے دی تھی۔ یہ منصوبہ وزیراعظم عمران خان کے سندھ پیکج کا حصہ ہے۔ سکھر حیدرآباد موٹر وے کو ایم 6 بھی کہا جاتا ہے اور یہ منصوبہ کراچی لاہور موٹر وے کا ہی حصہ ہے۔ اسی سی پیک کے تحت ہی تعمیر کیا جانا ہے۔