Saturday, May 11, 2024

وفاقی وزیر تعلیم کا امتحانات منسوخ کر کے پروموشن کا اعلان ، طلبہ تکنیکی پیچیدگیوں میں الجھ گئے

وفاقی وزیر تعلیم کا امتحانات منسوخ کر کے پروموشن کا اعلان ، طلبہ تکنیکی پیچیدگیوں میں الجھ گئے
May 7, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وفاقی وزیر تعلیم نے امتحانات منسوخ کرکے پروموشن کا اعلان تو کردیا لیکن کچھ تکنیکی  پیچیدگیوں نے طلبہ کو مشکل میں بھی ڈال دیا ہے ، سوشل میڈیا پرطلبہ نے اپنے مسائل کا انبار لگا دیا ۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ٹویٹ کے ذریعے قومی رابطہ کمیٹی کے تعلیمی اداروں اور امتحانات کے حوالے سے فیصلوں سے آگاہ کیا تو صارفین نے کمنٹس کے ذریعے  ان سے سوالات کی  بوچھاڑ کردی ۔

ارم خان نے پوچھا سپلی کے حامل طلبا کا کیا بنے گا ؟، محمد یوسف انجم نے وزیر تعلیم سے دریافت کیا جن بچوں نے میٹرک کے پیپر دیے ہیں، کیا ان کی مارکنگ ہوگی یا نہیں۔ کیا جن بچوں کے نویں میں جو نمبر آئے تھے، ان کو ہی ڈبل کر دیا جائے گا، پریکیٹیکل کے نمبرز کا کیا بنے گا؟پلیز اگر وضاحت مل جائے تو ؟۔

طاہر محمود فریدی نے بھی ایسے ہی خدشات کااظہار کرتے ہوئے لکھاجناب وزیر تعلیم صاحب! آج آپ کے فیصلے کو دیکھ کر محسوس ہو رہا ہے کہ ہم شاید کچھ غلط کر بیٹھے ہیں جس کی سزا مل رہی ہے ۔جناب ایک بچہ پچھلے امتحان میں فیل ہو گیا لیکن اب محنت کر کے اس قابل ہوگیا کہ کچھ بہتر کرسکے تو اس کا کیا ہو گا۔

جواد نواز نے پوچھا سر نویں کلاس والے کیسے پروموٹ ہوں گے ۔بینش مغل کاکہنا تھا  ایسے بچے جو نویں جماعت کے امتحان میں شریک ہوئے  اور انہیں ابھی تک انکا رزلٹ ہی نہیں ملا ،وہ کیا کریں۔منیر احمد نے ہلکے پھلکے انداز میں وزیر تعلیم سے استفسار کیا کہ شفقت صاحب، آپ فیل ہونے والوں کو تو سرے سے ہی بھول گئے، کیا فیل ہونے والوں کو سابقہ کارکردگی کی بنیاد پر فیل سمجھا جائے گا؟۔

یونیورسٹیز کے طلبا نے بھی شفقت محمود سے کئی وضاحتیں طلب کیں ۔طحٰہ مزمل نے کہا سر یونیورسٹی کے بچوں کا بھی سوچ لیں،انہیں بھی اگلے سیمیسٹر میں پروموٹ کردیں ۔

ایم ایم ایم نامی صارف نے لکھا کچھ یونیورسٹییز والوں کا بھی سوچیں، ہمیں آن لائن کلاسز کے ذریعے ٹارچر کرکرکے ہی مارنا ہے کیا؟،پرائیویٹ سیکٹر سے منسلک اساتذہ نے فیصلے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا انہیں تنخواہیں نہیں مل رہیں،حکومت کچھ اس بارے بھی سوچے ۔

شفقت محمود نے اس حوالے سے ایک اور ٹویٹ میں بتایا کہ یونیورسٹیز ایچ ای سی کی ڈائریکشن اور ایس او پیز کے مطابق اپنا امتحانی شیڈول خود طے کریں گی۔

پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے ٹویٹ کرکے بتایا کہ اگلی کلاس میں پروموشن اور بورڈ کے امتحانات سے متعلق وضاحت نوٹیفکیشن میں کی جائے گی  ۔