Thursday, April 25, 2024

وفاقی وزیر اطلاعات اور معاون خصوصی نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں

وفاقی وزیر اطلاعات اور معاون خصوصی نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں
April 29, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات   شبلی فراز اور معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں ، شبلی فراز کہتے ہیں وزیراعظم عمران خان کا اہم ذمہ داری سونپنا اعزاز کی بات ہے ،عاصم سلیم باجوہ نے کہا وزارت اطلاعات کو اکیسویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز اور معاون خصوصی جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ  وزارتِ اطلاعات پہنچے جہاں انہوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں ، سیکرٹری اطلاعات اکبر درانی اوروزارت کے ذیلی اداروں کے سربراہان نے وفاقی وزیر اور معاون خصوصی کو بریفنگ  دی ۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ  وزیراعظم عمران خان کا اہم ذمہ داری سونپنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے ۔اطلاعات و نشریات ایک ایسی وزارت ہے جسے ہمیشہ سے روایتی انداز سے چلایا جاتا رہا ہم نے وزارت کے کردار کو مزید فعال اور متحرک بنانا ہے ۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ  ادب اور ثقافت کے فروغ کیلئے وزارت ِ اطلاعات کا کردار نہایت اہم ہے ۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ  میرے لیے بطور معاون خصوصی کام کرنا باعث اعزاز ہے ، ہم نے وزارت اطلاعات کو اکیسویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے ، انفارمیشن سروس اکیڈمی ملک کے نوجوانوں اور صحافیوں کی تربیت کیلئے عصر حاضر کے تقاضوں سے لیس پروگرام ترتیب دے  ، وزارت کے تمام اداروں کے مابین ہم آہنگی اور تعاون کا فروغ نہایت ضروری ہے ۔