Sunday, May 12, 2024

وفاقی و صوبائی حکومتوں کو دریاؤں اور نہروں کے اطراف شجر کاری کا حکم

وفاقی و صوبائی حکومتوں کو دریاؤں اور نہروں کے اطراف شجر کاری کا حکم
September 2, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) سپریم کورٹ نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو دریاؤں اور نہروں کے اطراف جنگلات کے لئے شجرکاری کا حکم دے دیا ۔ ایک ماہ میں پیشرفت رپورٹ بھی طلب کرلی ۔ وفاقی اور سندھ سے  نئی گاج ڈیم کی تعمیر کی ٹائم لائن بھی طلب کر لی ۔  چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے نئی گاج ڈیم پانی کو محفوظ بنانے کے لیے انتہائی اہم ہے۔

نئی گاج ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ دریاوں کیساتھ کچہ کی زمین پر کاشت کاری نہیں ہو سکتی جبکہ دریاوں نہروں کے اطراف میں درختوں کی کلیاں نہ لگائی جائیں بلکہ کم ازکم چھ فٹ کا درخت لگا کر اسکو محفوظ بنائیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پانی کی قلت پیدا ہو سکتی ہے ، دریاوں اور نہروں کیساتھ درخت لگانے کی کوئی اسکیم نہیں ہے؟ ، درخت لگانے کا سلسلہ ختم ہو گیا ، پنجاب میں تو شیشم کے درخت ختم ہی ہو گئے ہیں ۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے بلین ٹری سونامی منصوبے کا تذکرہ کیا تو چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ یہاں دریاؤں اور نہروں کے اطراف میں جنگلات کی بات ہو رہی ہے ۔ عدالتی استفسار پر جوائنٹ سیکرٹری پانی و بجلی نے بتایا کہ نئی گاج ڈیم کے پی سی ون کی ایکنک نے ابھی تک منظوری نہیں دی۔

عدالت نے وفاق اور سندھ کو ڈیم کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے

ٹائم لائن طلب کرلی،کیس کی سماعت ایک ماہ بعد دوبارہ ہوگی۔