Thursday, April 25, 2024

وفاقی دارالحکومت کے مسائل کو ماضی میں یکسر نظر انداز کیا گیا ، عمران خان

وفاقی دارالحکومت کے مسائل کو ماضی میں یکسر نظر انداز کیا گیا ، عمران خان
August 2, 2019

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا وفاقی دارالحکومت کے مسائل کو ماضی میں یکسر نظر انداز کیا گیا ۔ گرین ایریاز میں کمی کے باعث ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات میں مزید اضافہ ہوا۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت کے ماسٹر پلان کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں معاون خصوصی ذوالفقارعباس بخاری، ممبر قومی اسمبلی اسد عمر، چیئرمین سی ڈی اے عامر احمد علی سمیت اعلی حکام کی شرکت ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا وفاقی دارالحکومت کے مسائل کو ماضی میں یکسر نظر انداز کیا گیا۔ مسائل نظرانداز کرنے کا نتیجہ تعمیرات میں بے ہنگم اضافہ اور گرین ایریاز کی تلفی کی صورت میں نکلا۔ گرین ایریاز میں کمی کے باعث ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا ماحولیاتی تغیر اور آلودگی ملک کا بڑا مسئلہ ہے جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اسلام آباد کے ماسٹر پلان کا ازسر نو جائزہ لینے اورمرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے تحت کچی آبادیوں کے مکینوں کو بہتر رہائشی سہولتیں فراہم کرنے پر کام جاری ہے۔

وزیرِ اعظم گورنر سندھ عمران اسماعیل ملاقات صوبے بات چیت

دوسری طرف وزیرِ اعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی وزیرِ اعظم آفس میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں صوبہ سندھ کی مجموعی صورتحال خصوصا کراچی میں حالیہ بارشوں اور  شہرکی  صفائی ستھرائی کے حوالے سے عوام کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے سلسلے میں اقدامات پر گفتگو کی گئی۔