Friday, March 29, 2024

وفاقی دارالحکومت کا انتہائی اہم منصوبہ مارگلہ روڈ 8 برس سے التوا کا شکار

وفاقی دارالحکومت کا انتہائی اہم منصوبہ مارگلہ روڈ 8 برس سے التوا کا شکار
November 13, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) شہر اقتدار میں 2012 میں شروع ہونے والا مارگلہ روڈ کا منصوبہ 8 سال گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہوسکا۔ ناقص منصوبہ بندی کے باعث کروڑوں روپے ضائع ہوگئے۔ سی ڈی اے نے منصوبے کی تکمیل کےلئے ٹینڈر طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وفاقی دارالحکومت کا انتہائی اہم منصوبہ مارگلہ روڈ 8 برس سے التوا کا شکار ہوگیا۔ کروڑوں روپے کی لاگت سے 2012 میں مارگلہ روڈ کا منصوبہ شروع کیا گیا تھا۔ سنگجانی سے سیکٹر ڈی 12 تک 9 کلومیٹر سڑک کے ایک حصے کی تعمیر کا کام 2013 میں مکمل ہونا تھا تاہم کچھ علاقوں میں ارتھ ورک کے بعد یہ منصوبہ روک دیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے عامر علی کا کہنا ہے کہ منصوبے کی اہمیت سے آگاہ ہیں۔ سی ڈی اے ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے آئندہ اجلاس میں نظرثانی شدہ پی سی ون پیش کیا جائے گا۔ منصوبے پر بہت جلد دوبارہ کام شروع کیا جائے گا۔ مارگلہ روڈ پر بعض علاقوں میں اراضی کے حصول کے بغیر سیاسی دباؤ میں کام جلد بازی میں شروع کیا گیا۔ منصوبے کی راہ میں پُرانا قبرستان بھی حائل تھا۔ سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ ڈی ڈبلیوپی میں منصوبے کی منظوری کے بعد آئندہ 30 دنوں میں ٹینڈر طلب کیے جائیں گے۔ مارگلہ روڈ کی تکمیل سے سری نگر ہائی وے اور اس سے ملحقہ دیگر سڑکوں پر ٹریفک کے پریشر میں کمی آئے گی۔