Friday, May 3, 2024

وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے بچاؤ کے ایس او پیز پر عملدرآمد

وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے بچاؤ کے ایس او پیز پر عملدرآمد
June 3, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ،  شہریوں نے عوامی مقامات پر ماسک پہننا شروع کر دیے ، ٹرانسپورٹرز اور دکاندار بھی میدان میں آگئے، بغیر ماسک گاڑیوں اور دکانوں میں داخلہ ممنوع قرار دے دیا۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس سے بچاو کیلئے حکومتی ایس او پیز پر عملدرامد شروع ہوگیا ، مارکیٹ ہو یا مالز، پبلک ٹرانسپورٹ یا مساجد، شہری ماسک پہنے نظر آرہے ہیں۔

دکانداروں نے بھی ہر دکان کے باہر ایس او پیز آویزاں کردئیے ، کسی گاہک کو ماسک کے بغیر دکان میں داخلے کی اجازت نہیں ، بڑے شاپنگ مالز میں پہلے ٹمپریچر گن سے بخار چیک کیا جاتا ہے ،اس کے بعد ہاتھ بھی سینٹائز کرائے جاتے ہیں۔

اسی طرح پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی سماجی فاصلوں کو یقینی بنایا جارہا ہے ، دکاندار کہتے ہیں کہ حکومت کے ساتھ ساتھ ہمیں بھی اپنی ذمہ داری پوری کرنی ہوگی۔

شہری بھی حکومتی ہدایات پر عملدرامد یقینی بنانے کے عزم کا اظہارکرتے ہیں ، اسلام آباد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانون حرکت میں آئے گا۔

کورونا وائرس کو شکست دینے کیلئے’’ احتیاط علاج سے بہتر ہے‘‘کے کلیے کو اپنانا قابل تحسین ہے۔