Friday, March 29, 2024

وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن ، بڑے پیمانے پر تجاوزات مسمار

وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن ، بڑے پیمانے پر تجاوزات مسمار
September 8, 2018
اسلام آباد( 92 نیوز) وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن  کیا گیا۔ آپریشن سیکٹر جی 11 اور جی 12 میں کیا گیا جس دوران  بڑے پیمانے پر تجاوزات مسمار کر دی گئیں  ، آپریشن میں مزاحمت کرنے پر 7 افراد کو گرفتار  کیا گیا جب کہ پولیس نے  شادی کی تقریب پر بھی دھاوا بول دیا جس سے  دولہا ، دلہن اور باراتیوں نے بھاگنےہی میں عافیت جانی ۔ سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ نے  کشمیر ہائے وے پر قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن  کیا گیا۔ ، سرکاری زمین پر تعمیر شدہ ہوٹلز، مارکیز اور کمرشل پلازے مسمار   کئے گئے ۔ کشمیر ہائی وے پر پیٹرول پمپ پر قائم معروف فاسٹ فوڈ کی عمارت بھی مسمار  کر دی ، شادی کی تقریب میں بھی پولیس نے دھاوا بول دیا جس کے باعث  دلہا دلہن اور باراتیوں نے بھاگ کر جانیں بچائیں  ،  انتظامیہ کو شادی کی تقریب پر بھی رحم نہیں آیا اور وہاں بھی ہل چل مچ گئی ۔ متاثرین کا کہنا ہے تعمیرات گرانے سے پہلے کوئی نوٹس نہیں دیا گیا  ، جس پر اسلام آباد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق ریاست کی زمین پر قابضین کو نوٹس دینے کے پابند نہیں ، جو زمین کلیئرہوگی اس پر درخت لگائے جائیں گے   جبکہ رہائشی آبادی کو نہیں چھیڑا جائے گا ۔ ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے کہا کہ ناجائز کمرشل عمارات کو خالی کرانے کیلئے کوئی نوٹس نہیں دیا جاتا لیکن ہم نے پہلے انکو نوٹس جاری کیا ۔ اس موقع پر  وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت نے تجاوزات ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے  ،  تجاوزات کیخلاف آپریشن سے پہلے تمام قانونی  تقاضے پورے کیے گئے ہیں ، لاہور اور دیگر شہروں میں بھی تجاوزات کیخلاف کارروائی ہو گی  ۔ واگزار کرانے کے بعد قابضین کیخلاف کارروائی کرینگے ۔ سی ڈی اے کے ممبر اسٹیٹ خوشحال خان آپریشن کی نگرانی کرتے رہے جبکہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات، اسلام آباد انتظامیہ کے افسران اور ایس ایس پی آپریشن اسلام آباد نجیب بگوی کے ہمراہ دیگر سینئر افسران بھی موقع پر موجود رہے ۔ کشمیر ہائی وے کے رائٹ آف وے کو کلیئرکروانے کے لیے بھاری مشینری کا استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ آپریشن میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور دیگر شعبوں کے 350 سے زائد افراد نے حصہ لیا۔