Saturday, April 27, 2024

وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ جاری

وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ جاری
November 30, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ کئی پولنگ سٹیشنوں پر عملہ نہ پہنچنے کے باعث پولنگ وقت پر شروع نہ ہوئی جبکہ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے مختلف پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی واضح ہدایات کے باوجود اسلام آباد میں تمام پولنگ سٹیشنوں پر پولنگ وقت پر شروع نہ ہوئی۔ کہیں عملہ نہ پہنچا تو کہیں ووٹر لسٹوں کا مسئلہ سامنے آیا جبکہ اسٹیمپ پیڈز کی سیاہی خشک ہونے سے بھی انتخابی عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ الیکشن کمیشن کنٹرول روم میں بھی صبح ہی صبح خشک سیاہی اور عملہ وقت پر نہ پہنچنے سے متعلقہ متعدد شکایات موصول ہوئیں۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے مختلف پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کیا اور پولنگ انتظامات کا جائزہ لیا۔ پولنگ کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسلام آباد کی یونین کونسل22‘ 23 اور 24 میں سب سے زیادہ گہما گہمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ لوگوں نے صبح سویرے ہی ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ سٹیشنوں کا رخ کیا۔