Sunday, May 5, 2024

وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن جاری

وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن جاری
June 16, 2015
اسلام آباد (92نیوز) الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا بنیادی ڈھانچے کی تفصیلات اور حلقہ بندیوں کا حتمی نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ انتخابات غیرجماعتی بنیادوں پر کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کےلئے وفاقی دارالحکومت میں پولنگ 25 جولائی کو ہو گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کےلئے حلقہ بندیوں کاحتمی نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں کل 6 لاکھ 20 ہزار 165 ووٹرز ہیں۔ شہر میں کل 79 یونین کونسلز بنائی گئی ہیں۔ ہر یونین کونسل میں کل 13 نشستیں ہوں گی۔ یونین کونسل میں ایک چیئرمین ایک وائس چیئرمین، 6 جنرل ممبرز، 2خواتین، ایک نان مسلم، ایک یوتھ جبکہ ایک مزدور نشست ہو گی۔ اسلام آباد میں ایک میٹرو پولیٹن کارپوریشن ہو گی۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن کا سربراہ مئیر ہو گا جس کا انتخاب یونین کونسلز کے منتخب ممبران کریں گے جبکہ یونین کونسلز کے چیئرمین میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ممبران ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کےلئے شیڈول رواں ہفتے جاری کر دیا جائے گا۔