Thursday, May 9, 2024

وفاقی حکومت کی کراچی کیلئے خریدے گئے فائر ٹینڈرز ، واٹر باؤزر کراچی پورٹ پہنچ گئے

وفاقی حکومت کی کراچی کیلئے خریدے گئے فائر ٹینڈرز ، واٹر باؤزر کراچی پورٹ پہنچ گئے
January 5, 2021

کراچی (92 نیوز) وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی کے لیے خریدی گئیں فائر بریگیڈ کی پچاس نئی گاڑیاں اور دو واٹر باؤزر چین سے کراچی پورٹ پہنچ گئے ، دو روز میں ان گاڑیوں کی آف لوڈنگ شروع ہوگی۔

کراچی میں آتشزدگی کے بڑھتے واقعات  اور محکمہ فائربریگیڈ کی قابل رحم حالت  کا وفاقی حکومت کو خیال آہی گیا ، ایک ارب چالیس کڑور روپے کی لاگت سےخریدی گئے پچاس فائر ٹینڈرز اور دو واٹر باؤزر چین سے کراچی پورٹ پہنچ گئے۔
فائر بریگیڈ کی ان گاڑیوں کی آف لوڈنگ دو روز میں شروع کی جائے گی ، سندھ انفرا اسٹریکچر ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ ذرائع کے مطابق جنوری کے وسط میں وزیر اعظم عمران خان کی متوقع کراچی آمد پر یہ فائر ٹیندرز صوبائی انتظامیہ کے حوالے کیے جائیں گے ۔

ذرائع کے مطابق ان فائر ٹینڈرز پر اٹھنے والے اخراجات پی ایس ڈی پی سے فراہم کیے گئے ہیں ۔ شہریوں نے بھی فائر بریگیڈ کی آمد کو خوش آئند قرار دیا ہے  اور امید ظاہر کی ان گاڑیوں کی مدد سے آتشزدگی کے واقعات پر بروقت قابو پانے میں مدد ملے گی ۔

ان نئی فائر ٹینڈرز سے قبل محکمہ فائر بریگیڈ کے پاس چوالیس فائر ٹینڈرز اور پانچ اسنارکل تھیں جن میں سے صرف چودہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اور دو اسنارکلز ہی پورے شہر کے لیے قابل استعمال تھیں، نئی فائر ٹینڈرز کی اضافے کے بعد محکمہ فائر بریگیڈ کے استعداد کار میں بھی اضافہ ہوگا۔