Thursday, April 25, 2024

وفاقی حکومت کی نئی اسلحہ پالیسی تیار نہ ہونے کے باوجود 69 ممنوعہ بور لائسنس کی منظوری

وفاقی حکومت کی نئی اسلحہ پالیسی تیار نہ ہونے کے باوجود 69 ممنوعہ بور لائسنس کی منظوری
June 30, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی حکومت کی نئی اسلحہ پالیسی تیار نہ ہونے کے باوجود 69 ممنوعہ بور لائسنس کی منظوری دے دی گئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال سمیت 46 اعلی افسران، ہائیکورٹس کے 8 ججز اور 11 بیورورکریٹس کو لائسنس کے اجرا کی منظوری دی گئی۔

وفاقی کابینہ کے ارکان نے ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس کابینہ اجلاس میں پیش کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ موقف اختیار کیا کہ وزارت داخلہ کو متعدد بار یہ امور وفاقی کابینہ کے سامنے پیش نہ کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔ وزارت داخلہ کو اسلحہ لائسنس کا معاملہ کابینہ میں پیش کرنے کی بجائے وزارت کی سطح پر منظور کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

وزارت داخلہ نے ممنوعہ اور غیر ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر 27 جون 2013 کو پابندی عائد کی تھی۔ وفاقی حکومت نے 13 دسمبر 2018 کو آرمی ریگولیشن 2000 کے مطابق جنرل آفیسر اور اس درجے کے دوسرے افسران کو تحفے میں ملنے والے اسلحے کے ممنوعہ بور کے لائسنس پر سے عائد پابندی اٹھا لی تھی۔