Tuesday, May 14, 2024

وفاقی حکومت کا کے ایم سی کے لیے 52 فائر ٹینڈرز کا تحفہ

وفاقی حکومت کا کے ایم سی کے لیے 52 فائر ٹینڈرز کا تحفہ
February 14, 2021

کراچی (92 نیوز) کراچی میں آتشزدگی کے دوران فائر ٹینڈرز کی کمی کا مسئلہ بڑی حد تک کم ہو گیا۔ وفاقی حکومت نے کے ایم سی کے لیے 52 فائر ٹینڈرز کا تحفہ دے دیا۔ تین سال تک تیل اور مرمت کا خرچہ بھی برداشت کریں گے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی کیلئے فائرٹینڈرز کی فراہمی کے حوالے سے تقریب کا انعقاد گورنر ہاؤس کراچی میں کیا گیا جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل ، وفاقی وزراء اسد عمر اور علی زیدی، سابق میئر وسیم اختر سمیت دیگر نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا شہر قائد کیلئے فائر ٹینڈرز کی شدید ضرورت ہے  لیکن کے ایم سی کی حالت یہ ہے کہ عباسی شہید اسپتال کے ملازمین کو تنخوا تک نہیں مل رہی۔ اسد عمر کا کہنا تھا گرین لائن بسیں جون تک پہنچ جائیں گی۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کے ایم سی کو بیمار ادارہ قرار دیا اور کہا کہ فنڈز اور اختیارات کے بغیر میئر کراچی کسی بیچارے سے کم نہیں۔ سابق میئر کراچی وسیم اختر نے فائر فائٹرز کیلئے رسک الاؤنس کی ذمہ داری وزیراعلیٰ سندھ پر ڈال دی۔

تقریب کے اختتام پر 26 فائر ٹینڈرز کے ایم سی، ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کو 5، جبکہ 2، 2 فائر ٹینڈرز پورٹ قاسم، سیلانی ویلفیئر، رینجرز کے حوالے کیے گئے۔