Monday, May 13, 2024

وفاقی حکومت کا کراچی کے مسائل کے حل کیلئے آئینی اختیارات استعمال کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت کا کراچی کے مسائل کے حل کیلئے آئینی اختیارات استعمال کرنے کا فیصلہ
September 12, 2019
 کراچی (92 نیوز) وفاقی حکومت نے کراچی کے مسائل کے حل کیلئے آئینی اختیارات استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت نے بھی حمایت کر دی۔ وزیر قانون فروغ نسیم نے پروگرام "جواب چاہئے"میں کہا وفاقی حکومت کراچی میں آرٹیکل149 کلاز 4 نافذ کرنے جا رہی ہے ۔ وہ ذاتی طور پر اس کے حق میں ہیں، اس آئینی شق کے نفاذ کا صحیح وقت یہی ہے۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ آئین سے متصادم اور بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کراچی کو کچرا کنڈی بنا کرمعیشت سے کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔ حکومت نے گورنر راج کی کوئی بات نہیں کی۔ وزیر قانون کے بیان کو توڑ مروڑ کر بیان کیا گیا۔ صوبائی حکومت وفاقی حکومت کا ساتھ دے۔ تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا آرٹیکل 149 مارشل لا نہیں، پیپلزپارٹی سندھ کارڈ کھیل کر چوریاں بچانا چاہتی ہے۔ تحریک انصاف سندھ کی تقسیم کے حق میں نہیں۔ فروغ نسیم کا بیان ذاتی ہے۔ وزیراعظم نے کراچی کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دی تھی جس کے سربراہ فروغ نسیم ہیں۔ عمران خان نے کراچی کا دورہ بھی کرنا تھا تاہم مصروفیات کی وجہ سے نہیں جاسکیں گے۔