Sunday, May 12, 2024

وفاقی حکومت کا کراچی کا انتظام سنبھالنے کا فیصلہ ، آرٹیکل 149 کلاز فور نافذ کیا جائے گا

وفاقی حکومت کا کراچی کا انتظام سنبھالنے کا فیصلہ ، آرٹیکل 149 کلاز فور نافذ کیا جائے گا
September 12, 2019
لاہور (92 نیوز) وفاقی حکومت نے کراچی کا انتظام خود سنبھالنے کا فیصلہ کر لیا۔ شہر میں آئین کا آرٹیکل 149 کلاز فور نافذ کیا جائے گا۔ کراچی کی بگڑتی صورتحال اور بے ہنگم مسائل پر قابو پانے کیلئے وفاقی حکومت نے اپنا آئینی اختیار استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم  نے کہا وفاقی حکومت کراچی میں آرٹیکل 149 کلاز 4 نافذ کرنے جا رہی ہے۔ پروگرام’جواب چاہیے‘میں گفتگو کرتے ہوئے فروغ نسیم نے کہا وہ ذاتی طور پر نفاذ کے حق میں ہیں اور کراچی میں آرٹیکل 149 کلاز 4 کے نفاذ کا یہی صحیح وقت ہے۔ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم  نے کہا سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ آئین کے متصادم اور بنیادی حقوق کے بھی خلاف ہے ۔ وزیر قانون فروغ نسیم کے بڑے اعلان پر سندھ حکومت کا مؤقف بھی سامنے آ گیا۔ وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کہتے ہیں آرٹیکل 149 کے اطلاق سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ وفاقی حکومت صرف صوبے کو ہدایت جاری کر سکتی ہے ۔ کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے وفاقی حکومت کیا اقدامات اٹھاتی ہے یہ تو آنے والے دنوں میں واضح ہو جائے گا تاہم وزیر قانون فروغ نسیم نے معنی خیز انداز میں ابھی انتظار کا مشورہ دیا ہے ۔