Friday, April 19, 2024

وفاقی حکومت کا ٹائیگر فورس سے کلین گرین پاکستان منصوبے میں خدمات لینے کا فیصلہ

وفاقی حکومت کا ٹائیگر فورس سے کلین گرین پاکستان منصوبے میں خدمات لینے کا فیصلہ
July 16, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی حکومت نے ٹائیگر فورس سے کلین گرین پاکستان منصوبے میں خدمات لینے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق ٹائیگر فورس کو ملک بھر میں پودے لگانے کی ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹائیگرفورس سے پودے لگوانے کا پہلا تجربہ مون سون شجر کاری مہم میں کیا جائے گا۔ وزیر اعظم آئندہ ہفتے لاہور میں شجر کاری مہم کے دوران ٹائیگر فورس کی شمولیت کا اعلان کریں گے۔ ٹائیگر فورس رواں سال شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لے گی۔ حکومت نے ٹائیگر فورس کو بعض مقامات پر پودے لگانے کا معقول معاوضہ دینے پر بھی غور کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹائیگر فورس کی ذمہ داریاں بڑھانے کا فیصلہ ملک امین اسلم اور عثمان ڈار کی ملاقات میں ہوا ۔ ٹائیگر فورس ملک بھر میں پودے لگائے گی اور ساتھ درختوں کی حفاظت بھی کرے گی۔ وزیر اعظم  نے بھی ٹائیگر فورس کی کلین گرین پاکستان میں خدمات پر آمادگی کا اظہار کر دیا۔ ٹائیگر فورس کا ہر جوان گاوں، یونین کونسل، شہر اور تحصیل سطح پر پودے لگائے گا۔ ہر پودے کی حفاظت  اور جنگلات کو محفوظ بنانے کی فرائض بھی انجام دے گا ۔ شہریوں کو پودے لگانے کی ترغیب دینا بھی ٹائیگر فورس کی ذمہ داریوں میں شامل ہو گا۔ ٹائیگر فورس پودے لگانے میں بھی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ ملک امین اسلم کا کہنا تھا ٹائیگرفورس گرین نگہبان بن گئی تو تمام ماحولیاتی اہداف عبور کر جائیں گے۔ ٹائیگر فورس گرین اکامومی کے ذریعے ملکی معیشت کو اوپر اٹھا سکتی ہے۔ ادھر عثمان ڈار کا کہنا تھا ٹائیگر فورس قیمتی اثاثہ ہے، اب ملکی ترقی میں بھی کردار ادا کرے گی۔ خوشی ہے کہ ٹائیگر فورس شجر کاری مہم میں  بھر پور حصہ لے گی۔ ٹائیگرفورس کو ایک کروڑ  پودے لگانے کی ذمہ داری مل سکتی ہے۔