Saturday, April 20, 2024

وفاقی حکومت کا جنوبی پنجاب الگ صوبہ بنانے کیلئے بل اسمبلی میں پیش کرنے کا اعلان

وفاقی حکومت کا جنوبی پنجاب الگ صوبہ بنانے کیلئے بل اسمبلی میں پیش کرنے کا اعلان
March 11, 2020

 اسلام آباد (92 نیوز) جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے بڑی خوشخبری آ گئی۔ وفاقی حکومت نے الگ صوبہ بنانے کیلئے بل اسمبلی میں پیش کرنے کا اعلان کر دیا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے ہوئے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے میڈیا گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے پلان کو آج حتمی شکل دی گئی ہے۔ صوبے کیلئے اسمبلی میں بل پیش کیا جائیگا۔ سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی ۔

 انہوں نے کہا صوبے کیلئے دارالخلافہ کا فیصلہ بھی اسمبلی کریگی۔ اپریل میں جنوبی پنجاب کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی تعینات ہونگے۔ افسران میں سے ایک کا دفتر بہاولپور اور دوسرے کا ملتان میں ہو گا۔

شاہ محمودقریشی نے کہا جنوبی پنجاب کا مکمل سیکرٹریٹ بننے میں وقت لگے گا۔ صوبے کے بجٹ میں 33 فیصد فنڈز جنوبی پنجاب کیلئے مختص ہونگے۔ جنوبی پنجاب صوبہ بنے گا تو اسکو وفاق اور سینیٹ میں بھی حصہ ملے گا۔

دوسری طرف جنوبی پنجاب صوبے کے دارالحکومت کے معاملے پر جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی تقسیم ہو گئے۔ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس کی اندرونی کہانی 92 نیوز سامنے لے آیا۔

ذرائع کے مطابق ڈی جی خان اور ملتان ڈویژن کے ارکان نے بہالپور کو صوبائی دارلحکومت بنانے کے مخالف کر دی۔ بہاولپور سے رکن اسمبلی سمیع الحسن گیلانی نے مذید مشاورت کی تجویز دی تو وزیراعظم نے اتفاق کیا۔ صوبائی دارلحکومت سے متعلق فیصلہ آئندہ اجلاس میں کیا جائیگا۔