Wednesday, April 24, 2024

وفاقی حکومت کا آئندہ عام انتخابات ساتویں مردم شماری کے تحت کرانے کا فیصلہ

وفاقی حکومت کا آئندہ عام انتخابات ساتویں مردم شماری کے تحت کرانے کا فیصلہ
September 29, 2021 ویب ڈیسک

سہیل اقبال بھٹی

اسلام آباد – وفاقی حکومت نے آئندہ عام انتخابات ساتویں مردم شماری کے تحت کرانے کا فیصلہ کر لیا۔

آئندہ الیکشن ساتویں مردم شماری کے تحت کرانے کے حوالے سے مردم شماری ایڈوائزری کمیٹی نے 16 سفارشات پر مشتمل رپورٹ کابینہ میں پیش کر دی۔ آئندہ مردم شماری میں پاک فوج کی خدمات حاصل کرنے پر کابینہ ارکان میں اتفاق رائے نہ ہو سکا۔ وزیراعظم نے اتفاق رائے قائم کرنے کیلئے وزراء کو اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کر دی۔

دستاویز کے مطابق ساتویں مردم شماری میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا تاکہ شفاف اور قابل اعتماد رزلٹ تیار کیا جا سکے۔ ساتویں مردم شماری میں جی پی ایس اور جی آئی ایس سافٹ وئیر کے ذریعے حد بندیاں کی جائیں گی۔

ایڈوائزری کمیٹی نے اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق تمام سٹیک ہولڈرز کیساتھ مشاورت کی سفارش کر دی۔ واضح رہے کہ چھٹی مردم شماری کے نتائج پر وزیر اعلی سندھ نے عدم اتفاق کرتے ہوئے چئیرمین سینیٹ کو ریفرنس بھیجا تھا۔