Thursday, April 25, 2024

وفاقی حکومت نے چاروں صوبوں میں ایمرجنسی نافذ کردی : پرویز رشید

وفاقی حکومت نے چاروں صوبوں میں ایمرجنسی نافذ کردی : پرویز رشید
October 26, 2015
اسلام آباد(92نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے چاروں صوبوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، زلزلہ متاثرین کے ریسکیو کا عمل بھرپور طریقے سے شروع کردیا گیا،حکومت متاثرین کی امدادکے لئےتمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ اسلام آباد میں زلزلے کے بعد جاری امدادی کاموں کےبارے میں بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات ونشریات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے تمام حکومتی مشینری حرکت میں آ چکی ہے،پہلی کوشش یہ ہے کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد پہنچائی جائے جہاں جہاں سے زلزلے سے متاثرین کی اطلاعات مل رہی ہیں وہاں وہاں امدادی ٹیمیں بھیجی جائیں گی۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ کرائسسز مینجمنٹ سیل چوبیس گھنٹے کام کرے گا، پاکستان میں  چترال ،اپر دیر سوات ،شانگلہ چار سدہ ،باجوڑ اور مہمند ایجنسی زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نوازشریف نے برطانیہ کادورہ مختصرکردیا ۔انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک کو فون کیا، نقصانات کی تفصیلات معلوم کیں اوروفاقی حکومت کی طرف سے ہرممکنہ تعاون کی یقین دہانی کرادی۔ وزیراعظم نے زلزلے سے افغانستان میں ہونے والی ہلاکتوں پربھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔