Saturday, April 20, 2024

وفاقی حکومت نے پٹرول پر عائد لیوی میں 6روپے 20 پیسے فی لٹر اضافہ کر دیا

وفاقی حکومت نے پٹرول پر عائد لیوی میں 6روپے 20 پیسے فی لٹر اضافہ کر دیا
June 1, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وفاقی حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی  کمی کا پورا فائدہ عوام کو منتقل نہیں کیا ، پٹرول پر عائد لیوی میں 6 روپے 20 پیسے فی لٹر اضافہ کردیا ، شرح 30 روپے فی لٹر تک پہنچ گئی، وفاقی حکومت کو 6 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوگا۔

حکومت ایک مرتبہ پھر ہاتھ کرگئی، عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل نہ کیا جاسکا ، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے تناظر میں اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں  14 روپے تک فی لٹر کمی کی سفارش کی تھی مگر وزارت خزانہ نے کی سفارش پر حکومت نے 7 روپے 6 پیسے فی لیٹر کمی کی اور پٹرول پر عائد لیوی میں 6 روپے 20 پیسے اضافہ کردیا ، جس کے بعد پٹرولیم لیوی کی شرح 30 روپے فی لٹر تک جا پہنچی۔

ڈیزل پر لیوی کی شرح پہلے ہی سے30 روپے فی لٹر کی سطح پر ہے ،  ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم لیوی کی مد میں حاصل ہونے والا ریونیو وفاقی حکومت کو ملتا ہے جبکہ جی ایس ٹی کی مد میں ملنے والا ریونیو قابل تقسیم محاصل پول میں شامل ہے  جہاں سے  اس کا 57 فی صد حصہ قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے تحت صوبوں کے پاس چلاجاتا ہے۔

پٹرول پر عائد لیوی کی شرح بڑھانے سے وفاقی حکومت کو ساڑھے 5 سے 6 ارب روپے کا اضافی ریونیو حاصل ہوگا۔